لاہور (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) امریکی سفارتخانے کے پبلک افیئرز آفیسر ٹورے گوڈ نے دارالعلوم جامعہ نعیمیہ لاہور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں مذہبی ہم آہنگی، بین المذاہب مکالمے کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دورے کے دوران امریکی مہمان نے جامعہ نعیمیہ کی دینی، تعلیمی اور فلاحی خدمات کو سراہا ، انہوں نے جامعہ نعیمیہ کے بانی ڈاکٹر سرفراز نعیمی شہید اور سابق مہتمم مفتی محمد حسین نعیمی کے مزارات پر بھی حاضری دی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا ، ٹورے گوڈ نے جامعہ نعیمیہ کے محدث اعظم کچھوچھوی لائبریری ہال کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے علمی و تحقیقی ذخیرے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر انہیں ادارے کے نظام تعلیم، تدریسی سرگرمیوں اور دینی و عصری علوم کے امتزاج کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ، امریکی پبلک افیئرز آفیسر نے شعبہ حفظ القرآن اور کمپیوٹر و سائنس ڈیپارٹمنٹ کا بھی دورہ کیا، جہاں انہیں طلبہ کی تعلیمی، تدریسی اور تربیتی سرگرمیوں سے آگاہ کیا گیا ، انہیں بتایا گیا کہ جامعہ نعیمیہ میں دینی تعلیم کے ساتھ جدید علوم اور ٹیکنالوجی کی تعلیم پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے.
تاکہ طلبہ کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جاسکے ، ٹورے گوڈ نے جامعہ نعیمیہ کے تعلیمی ماحول، علمی سرگرمیوں اور طلبہ کی تربیت کے لیے جاری کوششوں کو قابل تحسین قرار دیا۔
اس موقع پر علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور بین المذاہب مکالمے کے فروغ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں امن، برداشت اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے علمی و دینی ادارے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ جامعہ نعیمیہ قرآن و سنت کی تعلیمات کے فروغ، طلبہ کی کردار سازی اور معاشرتی اصلاح کے لیے اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے ہے۔

