Special Briefing Marks Turkmenistan’s 35th Independence Anniversary, Emphasis on Strengthening Economic Cooperation with Pakistan Capitalnewspoint.co

ترکمانستان کے 35 سالہ یوم آزادی پر خصوصی بریفنگ، پاکستان سے اقتصادی تعاون بڑھانے پر زور ، ترکمانستان کہ سفارت خانے میں میڈیا بریفنگ

اسلام آباد (احسان بخاری) ترکمانستان کے سفارت خانے نے پاکستانی میڈیا کے نمائندوں کے لیے خصوصی بریفنگ کا اہتمام کیا، جس میں ترکمانستان کی آزادی کے 35 سال مکمل ہونے، سال 2026 کے دوران قومی ترقی، عالمی سفارتی سرگرمیوں، سرمایہ کاری کے مواقع اور پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ترکمانستان 2026 کو اپنی آزادی کی 35ویں سالگرہ کے طور پر منا رہا ہے، جبکہ اس سال کو ’’آزاد، مستقل غیر جانبدار ترکمانستان، عزم و حوصلے کے حامل آسمانی گھوڑوں کی سرزمین‘‘ کے عنوان سے منسوب کیا گیا ہے ، سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ترکمانستان نے رواں سال سیاسی، اقتصادی، ثقافتی اور سفارتی شعبوں میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

ملک میں صنعتی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ، توانائی، ٹرانسپورٹ، ماحولیاتی تحفظ اور علاقائی روابط کو مضبوط بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں ، بریفنگ میں بتایا گیا کہ یکم اور 2 اکتوبر کو اشک آباد میں ترکمانستان انویسٹمنٹ فورم 2026 کا انعقاد کیا گیا، جس میں 40 سے زائد ممالک کی 200 سے زیادہ کمپنیوں کے نمائندوں سمیت 800 سے زائد مندوبین نے شرکت کی۔

فورم میں سرمایہ کاری کے مواقع، کاروباری شراکت داری اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ متعدد دوطرفہ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کو بھی حتمی شکل دی گئی ، ترکمانستان نے اکتوبر میں آوازی کے مقام پر متعدد اہم علاقائی اور عالمی کانفرنسوں کی میزبانی بھی کی، جن میں وسطی ایشیائی ممالک کے سربراہان کا آٹھواں مشاورتی اجلاس، دولتِ مشترکہ آزاد ریاستوں کے سربراہان کا اجلاس اور پہلا کیسپین ماحولیاتی سربراہی اجلاس شامل ہیں۔

ان اجلاسوں میں علاقائی تعاون، آبی وسائل کے مؤثر استعمال، ماحولیاتی تحفظ، تجارت اور ٹرانسپورٹ روابط کے فروغ پر گفتگو کی گئی ، پاکستان اور ترکمانستان کے تعلقات کے حوالے سے بریفنگ میں توانائی، تجارت، ٹرانسپورٹ اور علاقائی رابطوں کو دوطرفہ شراکت داری کے اہم ستون قرار دیا گیا ، اس سلسلے میں ترکمانستان، افغانستان، پاکستان اور بھارت (تاپی) گیس پائپ لائن منصوبے کو خصوصی اہمیت حاصل ہے .

جس کا مقصد ترکمانستان کے گالکینیش گیس فیلڈ سے قدرتی گیس جنوبی ایشیائی ممالک تک پہنچانا ہے ، بریفنگ کے مطابق گالکینیش گیس فیلڈ میں تقریباً 27 ٹریلین مکعب میٹر قدرتی گیس کے ذخائر کا تخمینہ لگایا گیا ہے ، تاپی منصوبے کی تکمیل سے پاکستان کو توانائی کے متبادل ذرائع میسر آنے، توانائی کے تحفظ کو مضبوط بنانے، صنعتی پیداوار بڑھانے اور علاقائی اقتصادی تعاون کو فروغ دینے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔

اس کے علاوہ تاپی گیس پائپ لائن کے ساتھ افغانستان اور پاکستان کے راستے 1,635 کلومیٹر طویل فائبر آپٹک مواصلاتی لائن بچھانے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے، جس کے ذریعے یورپ، ایشیا اور جنوب مشرقی ایشیا کے درمیان جدید ٹیلی کمیونیکیشن رابطے قائم کیے جا سکیں گے ، ترکمانستان، افغانستان اور پاکستان کے درمیان بجلی کی ترسیل کے منصوبے (ٹی اے پی) کو بھی علاقائی تعاون کا اہم حصہ قرار دیا گیا۔ اس منصوبے کے تحت افغانستان کے راستے پاکستان کو 3 ہزار میگاواٹ تک بجلی فراہم کرنے کے امکانات موجود ہیں۔

بریفنگ میں ترکمانستان اور افغانستان کے درمیان جاری بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر بھی روشنی ڈالی گئی، جن میں تاپی گیس پائپ لائن، ریلوے رابطوں اور بجلی کی ترسیل کے منصوبے شامل ہیں ، بتایا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان توانائی اور اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اعلیٰ سطح پر مذاکرات اور معاہدے بھی کیے گئے ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ 21 سے 23 اکتوبر تک اشک آباد میں منعقد ہونے والی آئل اینڈ گیس آف ترکمانستان 2026 کانفرنس میں 75 ممالک سے 1500 سے زائد مندوبین اور تقریباً 450 کمپنیوں نے شرکت کی، جبکہ 3 سے 5 نومبر تک تعمیرات، صنعت اور توانائی سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس اور نمائش کا انعقاد کیا گیا۔

بریفنگ کے اختتام پر اس امید کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان جاری مشترکہ منصوبوں پر مؤثر پیش رفت سے وسطی اور جنوبی ایشیا کے درمیان تجارتی، اقتصادی اور توانائی روابط کو نئی وسعت ملے گی۔ تاپی اور ٹی اے پی منصوبوں سمیت ریلوے، مواصلاتی اور دیگر بنیادی ڈھانچے کے منصوبے خطے میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی کے تحفظ اور پائیدار ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔