میاں راشد طفیل آئی سی سی آئی کی ریئل اسٹیٹ کمیٹی کے چیئرمین مقرر

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) نے میاں راشد طفیل کو اپنی ریئل اسٹیٹ کمیٹی کا چیئرمین مقرر کر دیا ہے ، اس موقع پر میاں راشد طفیل نے کہا کہ وہ ریئل اسٹیٹ کے شعبے کے فروغ، کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل اور بالخصوص اسلام آباد کے متاثرین کے دیرینہ مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کئی سال گزرنے کے باوجود بڑی تعداد میں متاثرین کو تاحال متعدد مشکلات کا سامنا ہے، جن میں ان کے جائز حقوق، معاوضے اور پلاٹوں کی الاٹمنٹ سے محرومی جیسے مسائل شامل ہیں ، انہوں نے کہا کہ ان مسائل کا حل متعلقہ حکام کی بنیادی ذمہ داری ہے اور متاثرین کی آواز مؤثر انداز میں بلند کی جائے گی تاکہ انہیں ان کے جائز حقوق دلائے جا سکیں۔

میاں راشد طفیل نے کہا کہ اسلام آباد کے متاثرین کو درپیش مسائل کے عملی حل تلاش کرنے اور ان کے جائز حقوق کے حصول کے لیے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)، متعلقہ سرکاری محکموں اور حکومتی نمائندوں کے ساتھ رابطوں اور مشاورت کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے گا.

انہوں نے مزید کہا کہ ریئل اسٹیٹ کا شعبہ ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتا ہے، تاہم پیچیدہ ٹیکس نظام، کاروباری اخراجات میں اضافہ، جائیداد کی خرید و فروخت اور ٹرانسفر کے مراحل میں مشکلات اس شعبے کی ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹیں ہیں۔