خام معدنیات کی برآمد نہیں، اب پاکستان میں ریفائننگ اور مینوفیکچرنگ ہوگی . فیلڈ مارشل عاصم منیر

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ معدنی وسائل کو قومی ترقی اور معاشی خوشحالی میں تبدیل کرنا ہوگا ، وفاقی دارالحکومت میں جاری منرلز فورم سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ خام مال کی برآمد کے بجائے ریفائننگ اور مینوفیکچرنگ سمیت مکمل ویلیو چین کی ترقی پر توجہ دینا ہوگی، معدنی وسائل سے مقامی آبادیوں کو بھی براہِ راست فائدہ پہنچنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معدنی دولت کو کارآمد بنانا ہمارا اجتماعی قومی مقصد ہے، معدنی وسائل سے بھرپور علاقوں میں ترقی کے ثمرات مقامی آبادی تک پہنچانا اور ان کی زندگیوں میں ٹھوس بہتری لانا ناگزیر ہے ، چیف آف ڈیفنس فورسز کا کہنا تھا کہ پاکستان معدنی وسائل سے مالا مال ملک ہے اور ان وسائل کو قومی ترقی اور معاشی خوشحالی میں تبدیل کرنے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ معدنی ترقی کا حقیقی فائدہ اسی وقت ممکن ہے جب معدنیات سے مالا مال علاقوں کے عوام بھی اس عمل میں شریک ہوں اور انہیں اپنی زندگیوں میں مثبت تبدیلی واضح طور پر نظر آئے ، اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مقصد صرف خام معدنیات برآمد کرنا نہیں بلکہ ریفائننگ، پروسیسنگ اور مینوفیکچرنگ سمیت پوری ویلیو چین کو ملک میں ترقی دینا ہے.

تاکہ معدنی وسائل سے زیادہ سے زیادہ معاشی فائدہ حاصل کیا جاسکے اور ملک میں صنعتی سرگرمیوں، سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں ، چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ پاکستان ایسی طویل المدتی شراکت داریوں کو فروغ دینا چاہتا ہے جو ملک اور اس کے بین الاقوامی شراکت داروں کے لیے پائیدار معاشی قدر کا باعث بنیں.

اس مقصد کے لیے دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لانے اور سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے ، فیلڈ مارشل کا پاکستانی عوام کی صلاحیتوں اور عزم کو سراہتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان کے لوگ محنتی، دلیر اور پرعزم ہیں اور ان میں اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے، ہمارے قدرتی وسائل مواقع فراہم کرتے ہیں، جبکہ ان مواقع کو عملی نتائج میں تبدیل کرنے کے لیے پاکستانی عوام کی محنت، صلاحیت اور عزم بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو اب صلاحیت سے پیداوار، وعدوں سے عملی اقدامات اور خام معدنیات کی برآمد سے ویلیو ایڈڈ معاشی ترقی کی جانب پیش رفت کرنا ہوگی ، چیف آف ڈیفنس فورسز کا مزید کہنا تھا کہ معدنی شعبے کی ترقی کو قومی معیشت کے استحکام، صنعتی فروغ اور عوامی خوشحالی کا ذریعہ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔