اسلام آباد (احسان بخاری) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے 5لاکھ روپے رشوت کے الزام میں ملوث سپرنٹنڈنٹ کسٹم کو اڑھائی ماہ بعد بحال کردیا جبکہ کسٹم انسپکٹر تاحال جیل میں دوسرے انسپکٹر ضمانت پر ، ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے کسٹم انسپکٹر شاہ زیب کو پانچ لاکھ روپے رشوت لینے کے مقدمہ میں گرفتار کیا تھا ملزم نے دوران تفتیش سپرنٹنڈنٹ کسٹم فخر گوندل اور کسٹم انسپکٹر کرسٹو فر کے نام ایف آئی اے کو دیئے.
جس کے بعد سپرنٹنڈنٹ کسٹم فخر گوندل اور انسپکٹڑ کرسٹو فر کو گرفتار کیا گیا بعد ازاں گرفتار ملزمان نے عدالت میں ضمانت دائر کی ذرائع نے بتایا کہ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کے تفتیشی آفیسر نے ملزمان فخر گوندل اور کرسٹوفر سے مبینہ معاملات طے کرلئے اور مقدمہ کی تفتیش ناقص کرتے ہوئے عدالت میں کمزور بیان دیا جس پر دونوں ملزمان فخر گوندل اور انسپکٹر کسٹم کرسٹوفر کی عدالت سے ضمانت ہوگئی .
بعد ازاں سپرنٹنڈنٹ کسٹم نے انسپکٹرز کے خلاف محکمانہ تحقیقات شروع کردیں تاہم ایف بی آر بورڈ نے سپرنٹنڈنٹ کسٹم فخر گوندل کو بحال کردیا ان کی بحالی کا ایف بی آر سے دس نومبر2026 کو نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ، نوٹیفکیشن کے مطابق فخر اقبال گوندل کو 27اگست 2026 کو بورڈ کے سابقہ نوٹیفکیشن کے تحت معطل کیا گیا تھا تاہم ایف بی آر بورڈ مجاز اتھارٹی نے انہیں دوبارہ اڑھائی ماہ بعد ملازمت پر بحال کردیا۔
ایف بی آر کے نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ معطلی سے بحالی تک کا عرصہ ای وائزڈ لیو رولز 1980 کے تحت قابل قبول چھٹی میں شمار کیا جائے گا ، ذرائع کا کہنا ہے ایف بی آر بورڈ نے سپرنٹنڈنٹ کسٹم کی اڑھائی ماہ کی معطلی کو چھٹی قرار دیتے ہوئے بحال کیا ہے .
ذرائع کا کہنا ہے کہ فیڈرل بورڈ کے ممبران میں سے ایک آفیسر کو سفارش کی گئی تھی جس پر کسٹم سپرنٹنڈنٹ کی گرفتاری معطلی کو چھٹی قرار دیا گیا ہے اور ان کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ، یاد رہے کہ کسٹم کے تینوں افسران اسلام آباد کلیکٹریٹ اف کسٹم میں تعینات تھے.

