پاکستان کا نقشہ بدلنے کی بحث پھر گرم، نئے سروے میں 77 فیصد شہریوں کی حمایت سامنے آگئی

لاہور (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) ایک نئے سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ پاکستان میں ترقی اور حکومتی خدمات کی بہتر فراہمی کیلئے نئے صوبوں کے قیام کے حامی شہریوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے، سروے میں شہریوں نے اظہارِ خیال کیا ہے کہ اس اقدام سے طرزِ حکمرانی بہتر بنانے، ترقیاتی عمل تیز کرنے اور سرکاری خدمات کو عوام کی دہلیز تک پہنچانے میں مدد مل سکتی ہے۔

واضح رہے کہ نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ اس پس منظر میں زور پکڑ رہا ہے کہ بڑے صوبائی انتظامی ڈھانچے دور دراز اضلاع اور چھوٹی آبادیوں کی ضروریات پوری کرنے میں مشکلات کا شکار ہیں ، میریڈین نیشنل بیرومیٹر 2026 کے نام سے کیے گئے سروے میں، جس کا انعقاد میریڈین اینالیٹکس نے 5 ہزار شہریوں کے درمیان کیا، انکشاف ہوا ہے کہ 77 فیصد پاکستانی اضافی صوبوں کے قیام کی حمایت کرتے ہیں۔

نومبر 2022ء کے مقابلے میں یہ شرح 23 فیصد پوائنٹس بڑھ گئی ہے ، سروے کے مطابق 2022ء میں نئے صوبوں کے قیام کی حمایت 54 فیصد تھی، جو 2024ء میں بڑھ کر 66 فیصد ہوگئی اور تازہ ترین سروے میں 77 فیصد تک پہنچ گئی۔

یہ نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ نئے صوبوں کے قیام کی بحث اب محض سیاسی اور جغرافیائی حدود تک محدود نہیں رہی بلکہ اس کا تعلق روزمرہ طرزِ حکمرانی کے مسائل سے بھی جڑ چکا ہے ، شہریوں کو توقع ہے کہ چھوٹی انتظامی اکائیوں کے قیام سے بنیادی سرکاری خدمات کی فراہمی بہتر ہوگی اور تمام علاقوں میں ترقی کے یکساں مواقع پیدا ہوں گے۔

پاکستان کے سیاسی منظرنامے میں نئے صوبوں کا قیام ایک اہم مسئلہ رہا ہے، خصوصاً پنجاب میں جہاں جنوبی پنجاب اور بہاولپور کو الگ صوبے بنانے کے مطالبات وقتاً فوقتاً سامنے آتے رہے ہیں ، جنوبی پنجاب کے الگ صوبے کے حامیوں کا مؤقف ہے کہ علیحدہ انتظامی ڈھانچے کے قیام سے اس خطے کو ترقیاتی منصوبہ بندی، بجٹ کی تقسیم اور عوامی خدمات کی فراہمی میں زیادہ توجہ حاصل ہوسکے گی۔

اس خطے میں ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان اور مظفرگڑھ سمیت متعدد اضلاع شامل ہیں ، بہاولپور صوبے کے قیام کا مطالبہ بھی ایک الگ تاریخی پس منظر رکھتا ہے ، اس مطالبے کے حامی سابق ریاست بہاولپور کی صوبائی حیثیت بحال کرنے کے خواہاں ہیں۔

یہ دونوں تجاویز مختلف سیاسی جماعتوں کے انتخابی منشور، پارلیمانی مباحثوں اور انتخابی مہمات کا حصہ رہی ہیں، تاہم صوبوں کی حدود، انتظامی معاملات اور سیاسی اتفاقِ رائے پر اختلافات کے باعث اب تک ان پر عمل درآمد ممکن نہیں ہوسکا ، ملک کے دیگر حصوں میں بھی نئے صوبوں کے قیام کے مطالبات سامنے آتے رہے ہیں۔

خیبر پختونخوا کے ہزارہ ڈویژن میں الگ صوبے کے قیام کا مطالبہ موجود ہے، جبکہ سندھ میں کراچی کو الگ صوبہ بنانے کی تجاویز بھی وقتاً فوقتاً بحث کا موضوع بنتی رہی ہیں ، اسی طرح شمالی پنجاب کے بعض علاقوں پر مشتمل پوٹھوہار صوبے کے قیام کی تجاویز بھی انتظامی ڈھانچے کی ازسرِنو تشکیل کے حوالے سے ہونے والی بحث کا حصہ رہی ہیں۔

میریڈین کے سروے کے مطابق چاروں موجودہ صوبوں میں اضافی صوبوں کے قیام کی بھرپور حمایت پائی گئی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ مطالبہ کسی ایک خطے تک محدود نہیں ، سندھ میں نئے صوبوں کے قیام کی حمایت سب سے زیادہ 80 فیصد ریکارڈ کی گئی، جبکہ پنجاب میں 78 فیصد، خیبر پختونخوا میں 75 فیصد اور بلوچستان میں 72 فیصد شہریوں نے اس کی حمایت کی۔

کراچی میں نئے صوبوں کے قیام کے حق میں حمایت کی شرح 92 فیصد رہی، جو سروے میں سامنے آنے والے نمایاں ترین اعداد و شمار میں شامل ہے ، سروے کے نتائج سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ عوامی حمایت صرف عمومی طور پر نئے صوبے بنانے تک محدود نہیں۔ مجموعی طور پر 73 فیصد افراد نے اس تجویز کی حمایت کی کہ ان کے اپنے ضلع کو بھی کسی نئے صوبے کا حصہ بنایا جائے ، یہ رجحان ظاہر کرتا ہے کہ شہری ایسے انتظامی تغیرات میں دلچسپی رکھتے ہیں جن کے اثرات براہِ راست ان کی اپنی آبادیوں اور علاقوں پر مرتب ہوں۔

صوبائی حکومتوں کی کارکردگی سے عدم اطمینان نئے صوبوں کے قیام کی بڑھتی ہوئی حمایت کی ایک بڑی وجہ بن کر سامنے آیا ہے ، سروے میں تقریباً 82 فیصد افراد نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومتیں ان کے اضلاع کی ترقیاتی ضروریات پوری کرنے میں مؤثر کردار ادا نہیں کر رہیں ، عوامی خدمات میں متوقع بہتری بھی نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کی ایک اہم وجہ ہے۔

83 فیصد افراد کا خیال ہے کہ نئے صوبے بننے سے سرکاری دفاتر تک پہنچنے کے لیے درکار سفر کا وقت کم ہوجائے گا ، 79 فیصد افراد کو توقع ہے کہ نئے صوبوں کے قیام سے اضلاع کی ترقی کے لیے فنڈز میں اضافہ ہوگا ، 77 فیصد افراد کا خیال ہے کہ اس اقدام سے پولیس کی عوامی شکایات پر ردعمل دینے کی صلاحیت بہتر ہوگی۔

یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ شہری چھوٹے انتظامی ڈھانچوں کو قانون نافذ کرنے والے اداروں تک بہتر رسائی اور عوامی تحفظ میں اضافے سے بھی جوڑتے ہیں۔سروے کے مطابق مختلف عمر کے افراد اور شہری و دیہی آبادیوں میں بھی نئے صوبوں کے قیام کی حمایت پائی گئی۔

18 سے 29 سال کی عمر کے افراد میں حمایت 83 فیصد رہی۔

30 سے 44 سال کی عمر کے افراد میں یہ شرح 82 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

45 سے 64 سال کی عمر کے افراد میں حمایت 72 فیصد رہی۔

اسی طرح شہری علاقوں میں رہنے والے 76 فیصد جبکہ دیہی علاقوں کے 68 فیصد افراد نے نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کی۔

یہ سروے 12 اکتوبر سے 4 نومبر 2026ء کے درمیان کیا گیا، جس میں 18 سے 64 سال کی عمر کے 5 ہزار بالغ شہریوں کی آرا حاصل کی گئیں۔

پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 239 کی شق 4 کے مطابق کسی صوبے کی حدود میں تبدیلی سے متعلق آئینی ترمیم اس وقت تک صدرِ مملکت کی منظوری کے لیے پیش نہیں کی جاسکتی جب تک متعلقہ صوبے کی صوبائی اسمبلی اپنے کُل ارکان کی کم از کم دو تہائی اکثریت سے اس کی منظوری نہ دے دے۔

اس آئینی تقاضے کے تحت کسی بھی صوبے کی حدود تبدیل کرنے یا نئے صوبے کے قیام کے لیے متعلقہ صوبائی اسمبلی کی دو تہائی اکثریت سے منظوری بنیادی شرط ہے۔