برمنگھم (ویب ڈیسک) انگلینڈ نے پاکستان کو تیسرے ٹیسٹ میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی ہوم سیریز میں وائٹ واش کردیا، یہ پہلا موقع ہے کہ انگلش ٹیم نے اپنی سرزمین پر پاکستان کے خلاف مکمل سیریز جیتی ہے ، برمنگھم ٹیسٹ کے چوتھے روز انگلینڈ کو فتح کے لیے 130 رنز کا ہدف ملا، جس کے تعاقب میں میزبان ٹیم نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا۔
پاکستان کی جانب سے محمد عباس نے ابتدا میں دو وکٹیں حاصل کرکے انگلینڈ کے لیے مشکلات پیدا کیں اور میچ میں سنسنی پیدا ہوگئی، تاہم بعد ازاں انگلش بیٹرز نے صورتحال پر قابو پالیا ، جورڈن کوکس نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 59 رنز بنائے جبکہ کپتان جو روٹ نے 62 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو کامیابی دلا دی۔ انگلینڈ نے صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔
اس شکست کے ساتھ پاکستان کو تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں مکمل ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ انگلینڈ نے پہلی مرتبہ ہوم گراؤنڈ پر پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کیا ، ٹیسٹ کے مجموعی اسکور پر نظر ڈالیں تو پاکستان نے پہلی اننگز میں 133 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں انگلینڈ نے 453 رنز بنا کر 320 رنز کی بڑی برتری حاصل کی۔
پاکستان نے دوسری اننگز میں بہتر مزاحمت کرتے ہوئے 449 رنز بنائے، تاہم انگلینڈ کو جیت کے لیے 130 رنز کا ہدف ہی درکار تھا، جو میزبان ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

