پشاور (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت پشاور کے تاریخی ورثے اور سیاحتی مقامات کی ترقی و بحالی سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں مشیر محکمہ ترقی و منصوبہ بندی عثمان سیف اللہ، سیکرٹری سیاحت سعادت حسن سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں گورنر فیصل کریم کنڈی کو پشاور کی تاریخی و ثقافتی اہمیت، تاریخی مقامات اور ورثے کے تحفظ و بحالی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی، گورنر کو نائٹ ٹورازم، ہیریٹیج ٹورازم اور جاری و مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی ، فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پشاور صدیوں پر محیط تاریخ، تہذیب اور ثقافت کا ایک زندہ ورثہ ہے، شہر کے تاریخی تشخص کو اجاگر کرکے اسے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنایا جائے۔
گورنر نے ہدایت کی کہ گورگٹھڑی میں موجود ونٹیج ایمبولینس اور فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو ایسی جگہ رکھا جائے جہاں سیاح انہیں دیکھ سکیں ، انہوں نے کہا کہ پشاور کے تاریخی مقامات کی سیر کے لیے خصوصی سیاحتی بسیں چلانے پر توجہ دی جائے جبکہ موٹروے ٹول پلازہ کے قریب شہر کے تاریخی مقامات اور ثقافتی ورثے سے متعلق بڑے معلوماتی بورڈز بھی نصب کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ پشاور کی ثقافت، فنون اور ادبی روایات کو زندہ رکھنے کے لیے ثقافتی سرگرمیوں کا انعقاد ضروری ہے ، تاریخی ورثے کو محفوظ بنانے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز خوش آئند ہے ، گورنر فیصل کریم کنڈی نے دلیپ کمار اور راج کپور کے آبائی گھروں کی بحالی کا کام جلد شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔

