اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) پاکستان مینز سکواش ٹیم نے ایشین سکواش چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، قومی ٹیم نے سیمی فائنل میں ہانگ کانگ کو شکست دے کر ٹائٹل کی جانب ایک اور قدم بڑھا دیا۔ فیصلہ کن معرکے میں پاکستان کا مقابلہ کل جنوبی کوریا سے ہوگا۔
سیمی فائنل کے پہلے سنگلز مقابلے میں پاکستان کے عاصم خان نے ہانگ کانگ کے وانگ چی کو ایک کے مقابلے میں تین گیمز سے شکست دے کر قومی ٹیم کو برتری دلائی ، دوسرے سنگلز مقابلے میں نور زمان نے بھی بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور اپنے حریف کو ایک کے مقابلے میں تین گیمز سے زیر کرکے پاکستان کی کامیابی یقینی بنادی۔
دونوں پاکستانی کھلاڑیوں کی کامیابی کے بعد قومی ٹیم نے ہانگ کانگ کے خلاف سیمی فائنل جیت کر فائنل میں جگہ بنا لی ، اب ایشین چیمپئن شپ کے فیصلہ کن مقابلے میں پاکستان کا سامنا جنوبی کوریا سے ہوگا۔ قومی ٹیم کی نظریں فائنل میں کامیابی حاصل کرکے ایشین چیمپئن کا اعزاز اپنے نام کرنے پر مرکوز ہیں۔

