اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) اسلام آباد میں پاکستان اور سوڈان کے درمیان سرکاری اور سفارتی پاسپورٹس پر ویزا فری داخلے کا معاہدہ طے پا گیا ، اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے سرکاری اور سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو ایک دوسرے کے ملک میں داخلے کے لیے ویزا حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل بابکر سمرہ مصطفیٰ علی نے معاہدے پر دستخط کیے، دونوں وزرائے داخلہ نے اس پیشرفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے دوطرفہ تعلقات کے فروغ کی جانب اہم قدم قرار دیا ، محسن نقوی نے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان اور سوڈان کے دوطرفہ تعلقات میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا، ویزا فری سہولت سے دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطح کے روابط اور وفود کے تبادلے مزید آسان ہوں گے.
جبکہ سرکاری سطح پر رابطوں اور باہمی تعاون کے فروغ کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے، سوڈانی وزیر داخلہ نے معاہدے کو دونوں ملکوں کے دوستانہ تعلقات اور ادارہ جاتی تعاون کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا ، دونوں وزرائے داخلہ نے پاکستان اور سوڈان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم اور مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
قبل ازیں پاکستان اور سوڈان نے سکیورٹی، داخلی امور، پولیس ٹریننگ، ادارہ جاتی تعاون، نادرا اور سائبر کرائم سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر مکمل اتفاق کیا ہے، سائبر کرائم کے شعبے میں تعاون کی خاطر جلد باضابطہ معاہدے پر دستخط کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
سوڈانی وزیر داخلہ کے استفسار پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان میں مقیم شادی شدہ سوڈانی خواتین کے درپیش ویزا مسائل کو فوری حل کرنے کے احکامات جاری کیے، اس کے علاوہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان سوڈانی پولیس افسران کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے اور سوڈانی شہری پاکستان میں معیاری طبی سہولیات سے بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں، جس کے لیے انہیں صحت کے شعبے میں تمام تر ممکنہ آسانیاں دی جائیں گی۔
سوڈانی وزیر داخلہ نے پاکستان کے تجربات بالخصوص سائبر کرائم کے شعبے میں پاکستان کی مہارت سے استفادہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا، انہوں نے کہا پاکستان ہمارا برادر ملک ہے اور ہم اس کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں، انہوں نے پاکستان کی جانب سے مختلف شعبوں میں فراہم کی جانے والی مدد پر وفاقی وزیر داخلہ اور پاکستانی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

