نئی دہلی (ویب ڈیسک): قرآنی آیت کندہ ہار پہننے پر بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور کو قانونی نوٹس جاری کردیا گیا، جس میں سوشل میڈیا سے تصاویر ہٹانے اور غیرمشروط عوامی معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ، بھارتی میڈیا کے مطابق مدھیہ پردیش کانگریس کے ترجمان عباس حفیظ نے اداکارہ کرینہ کپور اور ان کی اسٹائلسٹ ریحا کپور کو قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق کرینہ کپور نے دیوالی کے موقع پر روایتی لباس میں اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں، جن میں ان کے گلے میں موجود زمرد کے ہار پر آیت الکرسی کندہ تھی ، عباس حفیظ نے اپنے قانونی نوٹس میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ قرآن پاک کی آیات کو فیشن یا آرائشی مقصد کے لیے استعمال کرنے سے مذہبی جذبات مجروح ہوسکتے ہیں۔
قانونی نوٹس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ متعلقہ تصاویر فوری طور پر سوشل میڈیا سے ہٹائی جائیں اور اس معاملے پر غیرمشروط عوامی معافی مانگی جائے۔ نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں پولیس یا عدالت سے رجوع کیا جائے گا ، دوسری جانب کرینہ کپور اور ان کی اسٹائلسٹ ریحا کپور کی جانب سے تاحال قانونی نوٹس یا اس معاملے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

