بلوچستان کے سرکاری پرائمری سکولوں میں عربی لازمی پڑھانے کی قرارداد پیش

کوئٹہ (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں سرکاری پرائمری سکولوں میں عربی زبان کو لازمی مضمون کے طور پر متعارف کرانے کی قرارداد پیش کر دی گئی، رکن صوبائی اسمبلی شاہدہ رؤف نے قرارداد پیش کی۔

قرارداد کے متن کے مطابق صوبے کے تمام سرکاری پرائمری سکولوں میں بنیادی عربی زبان کی تعلیم لازمی قرار دینے کی سفارش کی گئی ہے، بچوں کو ابتدائی تعلیمی مراحل سے عربی زبان سیکھنے کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں۔

بلوچستان اسمبلی میں پیش کی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ عربی زبان قرآن پاک کی زبان ہے، بنیادی تعلیم سے بچوں کو قرآنی آیات کا مفہوم سمجھنے میں مدد ملے گی، نصاب میں عربی کے بنیادی الفاظ، قواعد اور قرآن مجید میں استعمال ہونے والے عام الفاظ کے معنی شامل کیے جائیں۔

قرارداد میں عربی زبان کی تعلیم کے لیے تربیت یافتہ اساتذہ اور معیاری درسی کتب کی فراہمی یقینی بنانے جبکہ شہری اور دیہی علاقوں کے بچوں کو عربی زبان سیکھنے کے یکساں مواقع فراہم کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔