اسلام آباد میں اقبال ڈے کی پروقار تقریب، مقررین کا نئی نسل کو فکرِ اقبال سے روشناس کرانے پر زور

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) ای-سیون ریذیڈنٹس فورم کے زیر اہتمام شاعرِ مشرق، مفکر اور فلسفی علامہ محمد اقبال کے یومِ پیدائش کی مناسبت سے ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مقررین نے علامہ اقبال کی ادبی، فکری اور فلسفیانہ خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے نئی نسل کو ان کے افکار سے روشناس کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔

تقریب ہفتے کے روز اسلام آباد ماڈل اسکول (اول تا پنجم)، سیکٹر ای-سیون میں منعقد ہوئی، جس کا عنوان ’’دانائے راز‘‘ رکھا گیا ، تقریب کا بنیادی مقصد علامہ اقبال کے لازوال فکری ورثے کو اجاگر کرنا اور موجودہ دور میں ان کی شاعری اور فلسفے کی اہمیت کو نئی نسل تک پہنچانا تھا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق چیف کمشنر اسلام آباد طارق محمود پیرزادہ نے علامہ اقبال کی فکر کے ارتقا، بالخصوص مسلم قومیت کے تصور اور اجتماعی شعور کے حوالے سے تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے علامہ اقبال کی شاعری کا حوالہ دیتے ہوئے مسلم تشخص اور مسلمانوں کی فکری و سیاسی بیداری میں ان کے کردار کو اجاگر کیا۔

طارق محمود پیرزادہ نے علامہ اقبال کے 1930 کے تاریخی خطبہ الٰہ آباد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس خطبے میں شاعرِ مشرق نے شمال مغربی ہندوستان کے مسلم اکثریتی علاقوں کو ایک سیاسی اکائی کی صورت میں منظم کرنے کا تصور پیش کیا تھا، جو تصورِ پاکستان کے ارتقا میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کا فلسفیانہ پیغام آج بھی آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے ، ان کی فکر کو حقیقی معنوں میں سمجھنے کے لیے ان کی شاعری، خطبات اور فلسفیانہ تصانیف، بالخصوص ’’جاوید نامہ‘‘ کا مطالعہ ناگزیر ہے۔

اس موقع پر ایریا ایجوکیشن آفیسر (اے ای او) سہالہ سیکٹر محمد ریاض نے تعلیمی اداروں، بالخصوص پرائمری سطح پر علامہ اقبال کے فلسفے کو نصاب اور تربیتی سرگرمیوں کا حصہ بنانے کی ضرورت پر زور دیا ، ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی عمر میں بچوں کی ذہنی اور فکری نشوونما ہوتی ہے، اس لیے انہیں اقبال کے افکار سے روشناس کرانا انتہائی اہم ہے۔

محمد ریاض نے کہا کہ بچوں میں خود اعتمادی پیدا کرنا اور ان کے اندر علامہ اقبال کے شاہین جیسی بلند پروازی، خودداری اور عزم کی روح بیدار کرنا قومی ذمہ داری ہے، تاکہ نوجوان نسل زندگی کے ہر شعبے میں ثابت قدمی اور محنت کے ساتھ آگے بڑھ سکے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نئی نسل میں ان اقدار کو فروغ دے کر انہیں اس قابل بنایا جاسکتا ہے کہ وہ عالمی سطح پر علامہ اقبال اور قائداعظم کے ورثے کی پاسداری کرتے ہوئے ملک و قوم کا نام روشن کریں ، تقریب سے دیگر ممتاز شخصیات نے بھی خطاب کیا، جن میں ماہرِ تعلیم، مذہبی اسکالر، مصنف اور شاعر ڈاکٹر حبیب الرحمٰن عاصم، معروف صحافی، کالم نگار اور سیاسی تجزیہ کار حامد میر اور ہاشم بابر سمیت دیگر مقررین شامل تھے۔

تقریب کا مرکزی خیال علامہ اقبال کا معروف شعر ’’اُٹھ کہ اب بزمِ جہاں کا اور ہی انداز ہے‘‘ تھا، جو خود شناسی، فکری بیداری، بلند حوصلے اور مسلسل جدوجہد کے فلسفے کی عکاسی کرتا ہے ، مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ علامہ اقبال کے افکار اور تعلیمات کو نئی نسل تک پہنچانے کے لیے ایسی علمی و ادبی تقریبات کا انعقاد جاری رہنا چاہیے، تاکہ نوجوان نسل اپنے فکری ورثے سے آگاہ ہو اور اقبال کے پیغام کو عملی زندگی میں اپنا سکے۔