پیرس اولمپکس میں پاکستان کے لیے اچھی خبر، ارشد ندیم فائنل میں پہنچ گئے

پیرس اولمپکس میں پاکستان کے لیے اچھی خبر، ارشد ندیم فائنل میں پہنچ گئے

پیرس: پیرس اولمپکس میں مینز جیولین تھرو کے مقابلے میں پاکستان کے اولمپئین ارشد ندیم نے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

مینز جیولین تھرو کے مقابلے میں دفاعی چیمپئن بھارت کے نیرج چوپڑا نے پہلی تھرو میں 89 اعشاریہ 34 میٹر کی تھرو کی اور فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

پاکستان کے اولمپئین ارشد ندیم نے پہلی تھرو میں 86 اعشاریہ 59 میٹر کی تھرو کی اور تیسرے نمبر پر رہے، جبکہ افریقی ملک گیرانڈا کے اسپیشلسٹ نے 88.63 میٹر کی تھرو کی اور دوسری پوزیشن پر رہے۔

مینز جیولین تھرو کا فائنل 8 اگست کو ہوگا، جس میں نیرج چوپڑا، ارشد ندیم اور اے پیٹرز مدمقابل آئیں گے۔

دوسری جانب، وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو اولمپکس 2024 کے جیولین تھرو کے مقابلوں کے فائنل راونڈ میں کوالیفائی کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپ نے اپنی شاندار کارکردگی اور محنت سے پوری قوم کے دل جیت لیے ہیں۔

وزیراعظم نے اولمپکس 2024 میں ارشد ندیم کی کامیابی کے لیے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جیولین تھرو کھیل کی ترویج میں ارشد ندیم کی خدمات قابل قدر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ کی محنت اور لگن نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ مارچ میں ارشد ندیم سے ملاقات کر کے دل خوش ہوا تھا۔ پاکستان میں بے شمار ٹیلنٹ موجود ہے، جسے مزید نکھارنے کی ضرورت ہے۔

حکومت پاکستان بین الاقوامی سطح کے مقابلوں میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی۔