اوورلوڈنگ اور زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی کا حکم ۔سی ٹی او بینش فاطمہ ۔

راولپنڈی(کرائم رپورٹر)چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ نے عید الاضحی کی آمد کے پیشِ نظر اوورلوڈنگ اور زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا ، سی ٹی او راولپنڈی نے تمام ڈی ایس پیز اور سرکل افسران کو احکامات جاری کیے ہیں کہ اوورلوڈنگ اور زائد کرایوں کےسلسلے میں کریک ڈاؤن کا آغاز کیا جاۓ اور خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جاۓ ، ان کا کہنا تھا کہ پبلک سروس ڈرائیورز کو پابند کیا جاۓ کہ وہ اپنی گاڑیوں میں گنجائش سے زیادہ مسافر بٹھانے سے گریز کریں .

گاڑیوں میں اپنے کرایہ نامے آویزاں کریں اور اڈہ مالکان کو بھی کو بھی نوٹسز دیۓ جائیں کہ وہ اپنے اڈہ جات/ٹرمینلز پر کرایہ نامے آویزاں کروائیں تاکہ پردیسیوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ مزید سی ٹی او راولپنڈی نے تمام ڈی ایس پی سرکلز کو یہ احکامات بھی جاری کیے کہ وہ گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹس اور PSV ڈرائیورز کے ڈرائیونگ لائسنس چیک کریں اور فٹنس سرٹیفکیٹس گاڑیوں کی ونڈ سکرین پر آویزاں کروائیں، ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ زائد کرایہ وصولی اور اوور لوڈنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں.

سٹی ٹریفک پولیس اپنے فرائض کی بطریق احسن انجام دہی کے لئے پر عزم ہے ۔ پردیسیوں کی محنت کی کمائی پر کسی صورت شب خون مارنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پردیسیوں کی باآسانی واپسی کے لئے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی اضافی نفری بھی تعینات کی جائے گی،چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی نے مزید بتایا کہ شہری زائد کرایہ وصولی یا دیگر شکایات کی اطلاع سٹی ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن051-9274843 پر دے سکتے ہیں۔