ٹریفک پولیس راولپنڈی نے عید الاضحی کے حوالے سے جامع اور منظم ٹریفک پلان جاری۔

راولپنڈی(کرائم رپورٹر)سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے عید الاضحی کے حوالے سے جامع اور منظم ٹریفک پلان جاری کر دیا،تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ٹریفک پولیس نے عید الاضحی کے حوالے سے جامع اور منظم ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے، ٹریفک پلان کے مطابق عید الاضحی کے موقع پر ٹریفک پولیس کے 645 سے زائدافسران و ملازمان ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے،اس کے علاوہ ون ویلنگ کی روک تھام اور پارکوں کیلئے خصوصی پلان بھی تشکیل دیا گیا ہے.

پارکس ڈیوٹی کے لیے مختلف علاقوں میں 49 ٹریفک اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، سی ٹی او بینش فاطمہ نے بتایا کہ ون ویلنگ اور کار سکٹنگ کی روک تھام کیلئے 12 ڈی ایس پیز و سرکل انچارجز سمیت 72 افسران و اہلکاران پر مشتمل 05 مختلف سپیشل سکواڈز اور 10 اینٹی ون ویلنگ پکٹس بھی لگائی جائیں گی ،نماز عید کے حوالے سے بھی مساجد پر ٹریفک پولیس کی اضافی نفری لگائی گئی ہے ، سکیورٹی کے پیش نظر کالے شیشے،غیر نمونہ و بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی، سی ٹی او بینش فاطمہ کا کہنا تھا کہ شہریوں کو عیدالاضحی کے دوران ٹریفک کا کوئی مسئلہ نہیں ہو گا.

ٹریفک پولیس اہلکار عید کے دن بھی اپنے گھروں سے دور ہیں تا کہ آپ اپنی عید اپنے پیاروں کے ساتھ منا سکیں،شہری دوران ڈرائیونگ ٹریفک قوانین پر عمل کرتے ہوئے اپنے سفر کو محفوظ اور خوشگوار بنائیں۔