راولپنڈی ( کرائم رپورٹر )وزیر اعلی پنجاب محترمہ مریم نواز کے ویژن اور چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ کی خصوصی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کا مری روڈ پر غیر قانونی جمعہ بازار کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن۔ تفصیلات کے مطابق مری روڈ پر جمعہ بازار بغیر کسی قانونی اجازت کے لگایا جاتا ہے جس سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے بلکہ ارد گرد کے رہائشی علاقوں میں بھی مسائل جنم لیتے ہیں۔ یہ بازار سڑک کے کنارے لگایا جاتا ہے، جس کی وجہ سے سڑک کے دونوں طرف گاڑیاں اور لوگوں کا رش بڑھ جاتا ہے اور اس سے شہریوں کے لیے سفر کرنا مزید مشکل ہو جاتا ہے ، سٹی ٹریفک پولیس نے اس غیر قانونی کاروباری سرگرمی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد گاڑیوں کے مالکان اور ڈرائیورز کے خلاف قانونی کارروائی کی .
اس کارروائی میں گاڑیوں کو ضبط کیا گیا اور غیر قانونی طور پر جمعہ بازار میں شامل ہونے والے ڈرائیورز کو جرمانہ بھی کیا گیا ، ان ڈرائیورز کو سختی سے خبردار کیا گیا کہ آئندہ اس قسم کی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نہ ہوں، بصورت دیگر مزید سخت قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی ، سی ٹی او بینش فاطمہ کا کہنا تھا کہ اس غیر قانونی جمعہ بازار سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے بلکہ مقامی شہریوں کو بھی بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ “یہ کارروائی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کی جا رہی ہے تاکہ ان کی مشکلات کو کم کیا جا سکے اور مری روڈ پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے ، سی ٹی او راولپنڈی نے یہ بھی واضح کیا کہ اس کارروائی کا مقصد غیر قانونی اجتماعات اور کاروباری سرگرمیوں کو روکنا ہے تاکہ شہریوں کو بلا رکاوٹ سفر کی سہولت مل سکے .
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی اس طرح کی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور کسی کو بھی شہر کی سڑکوں پر غیر قانونی طور پر کاروبار کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، آخر میں ان کا کہنا تھا کہ سٹی ٹریفک پولیس کی یہ کارروائی عوام کی مشکلات کو کم کرنے، ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے اور شہر کے رہائشی علاقوں میں امن و سکون کو قائم رکھنے کے لیے کی جا رہی ہے۔