سپریم کورٹ آف پاکستان میں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی رولنگ اور موجودہ صورتِ حال پر از خود نوٹس کی سماعت کے دوران رپورٹرز کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کے ممبرز کے سوا کسی اور صحافی کو داخلے کی اجازت نہیں۔
صحافیوں کو پارکنگ کے مین گیٹ سے سپریم کورٹ میں داخل ہونے سے روک دیا گیا ہے۔
سپریم کورٹ میں ملک کی آئینی سیاسی صورتِ حال پر ازخود نوٹس کیس کی سماعت آج پھر چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ کر رہا ہے۔
گزشتہ روز ہونے والی سماعت میں چیف جسٹس عمرعطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ بحث کرائے بغیر ووٹنگ پر کیسے چلے گئے، عدالت ہوا میں فیصلہ نہیں کرے گی، عدالتی سولات کے جوابات دینا ہوں گے، ہم بھی جلد فیصلہ کرنا چاہتے ہیں۔
جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ بحث کرانے کی اجازت نہ دینا طریقہ کار کی خامی ہے۔
جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دیے کہ بادی النظرمیں ڈپٹی اسپیکر نے اسپیکر کا وہ اختیار استعمال کیا جو ڈپٹی اسپیکر کا اختیار نہیں تھا۔