اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم کی بھیجی گئی اہم سمری کی منظوری دے دی اور آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو چیف آف ڈیفنس فورسز (CDF) مقرر کر دیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بطور آرمی چیف اپنے عہدے کے ساتھ ساتھ چیف آف ڈیفنس فورسز کے فرائض بھی انجام دیں گے۔ چیف آف ڈیفنس فورسز کی تعیناتی پانچ سال کے لیے کی گئی ہے، ایوان صدر نے اعلامیہ جاری کیا۔

اسی طرح صدر مملکت نے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدت ملازمت میں دو سال کی توسیع بھی کر دی ہے، جو ان کی موجودہ مدت کی تکمیل پر 19 مارچ 2026 سے لاگو ہوگی ، صدر آصف علی زرداری نے دونوں عہدیداروں کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا اور ملک کی خدمت میں ان کی کامیابی کی دعا کی۔


