اسلام آباد (وب ڈسک) آل پاکستان نیوزپیپرز سوسائٹی (APNS)، پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن (PBA) اور کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (CPNE) نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی کی جانب سے مبینہ طور پر پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا اور سرکاری اشتہارات سے متعلق دیے گئے ریمارکس پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے،مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ عدالت میں دیے گئے ریمارکس،جن میں اخبارات کو “ڈمی” اور سرکاری اشتہارات کو “عطیات” قرار دینے کا تاثر دیا گیا ، نے ملکی میڈیا برادری میں مایوسی اور اضطراب پیدا کیا ہے،تنظیموں نے وضاحت کی کہ سرکاری اشتہارات دنیا بھر میں ایک تسلیم شدہ اور منظم طریقہ کار کے تحت جاری کیے جاتے ہیں، جن کا مقصد عوام تک ضروری معلومات کی بروقت فراہمی ہے۔ یہ اشتہارات حکومتی پالیسیوں، قوانین اور منظور شدہ بجٹ کے مکمل مطابق جاری ہوتے ہیں، جبکہ میڈیا ادارے اپنا بنیادی فریضہ انجام دیتے ہوئے ان معلومات کو عوام تک پہنچاتے ہیں۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ پاکستانی میڈیا نے ہمیشہ ریاست کے چوتھے ستون کے طور پر اپنی ذمہ داری بخوبی نبھائی ہے۔ چاہے قومی مفاد کے مسائل ہوں، عوامی اہمیت کے معاملات، قدرتی آفات کی کوریج یا حالیہ بھارت سے جنگ، میڈیا ہمیشہ صفِ اول میں رہا۔ عدلیہ کی بحالی کی تحریک میں بھی میڈیا کا کردار کلیدی رہا، اور آج کے دور میں جھوٹی خبروں کے مقابلے کے لیے مرکزی دھارے کا میڈیا ایک مضبوط ڈھال ہے جو شفافیت اور قومی یکجہتی کو فروغ دیتا ہے،تنظیموں کا کہنا ہے کہ ایسی عمومی یا تحقیر آمیز آراء غیر ارادی طور پر عوام کے اعتماد کو متاثر کر سکتی ہیں، اس لیے ادارہ جاتی احترام اور ذمہ دار گفتگو ناگزیر ہے۔ میڈیا تنظیموں نے امید ظاہر کی کہ عدلیہ بھی اسی باہمی احترام اور ادارہ جاتی وقار پر یقین رکھتی ہے،بیان میں سپریم جوڈیشل کونسل سمیت متعلقہ فورمز سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں تاکہ ایسی مشاہدات کا مناسب ازالہ ہو سکے اور اداروں کے درمیان ہم آہنگی برقرار رہے،آخر میں APNS، PBA اور CPNE نے ذمہ دار صحافت، اخلاقی نشریات، قانونی تقاضوں کی پاسداری اور پاکستان میں جمہوری اقدار کے استحکام کے عزم کا اعادہ کیا۔

