اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزارت دفاع نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف ایئر سٹاف، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدت ملازمت میں بھی دو سال کی توسیع کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔جمعہ کو وزارت دفاع سے جاری نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہےکہ صدر مملکت نے وزیر اعظم کی ایڈوائس پر 1973 کے آئین کے آرٹیکل 243 اور پاکستان آرمی ایکٹ 1952 کے سیکشن 8اے کےتحت فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز تعینات کرنے کی منظوری دی ۔

یہ تعیناتی پانچ سال کے لیے ہے۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ملک کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز ہوں گے۔ اسی طرح وزارت دفاع نے ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدت ملازمت میں بھی دو سال کی توسیع کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ 1973 کے آئین کے آرٹیکل 273 اور پاکستان ایئر فورس ایکٹ 1953 کے سیکشن 10 بی کے تحت وزیراعظم شہباز شریف نے چیف آف ایئر سٹاف، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدت ملازمت میں بھی دو سال کی توسیع کی منظوری دے دی۔اس توسیع کا اطلاق ان کی موجودہ پانچ سالہ مدت ملازمت کے مارچ 2026 میں مکمل ہونے پر ہو گا۔

