سیاست کو کاروبار نہیں، خدمت بنانا چاہتے ہیں، پاکستان مرکزی مسلم لیگ عوامی قیادت پر یقین رکھتی ہے: رانا عقیل

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر )پاکستان مرکزی مسلم لیگ سٹی راولپنڈی کے صدر رانا عقیل نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاست ایک مقدس شعبہ ہے جس کا بنیادی مقصد عوام کی قیادت کرنا اور انہیں سہولیات فراہم کرنا ہے، مگر بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں سیاست کو کاروبار بنا دیا گیا ہے، جہاں کروڑوں روپے لگا کر اقتدار حاصل کیا جاتا ہے اور پھر اسے کمائی کا ذریعہ بنایا جاتا ہے پاکستان کی آبادی تقریباً 25 کروڑ ہے، لیکن ملک پر چند مخصوص خاندانوں کی اجارہ داری رہی ہے۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ اس سوچ کو بدلنا چاہتی ہے اور نوجوانوں، پڑھے لکھے اور باصلاحیت افراد کو قیادت کے مواقع دینا چاہتی ہے، کیونکہ قیادت دولت کی نہیں بلکہ کردار، شعور اور صلاحیت کی متقاضی ہوتی ہے رانا عقیل نے کہا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ واحد سیاسی جماعت ہے جس نے یونین کونسل کی سطح پر انٹرا پارٹی الیکشن کروا کر سیاسی تاریخ میں نئی مثال قائم کی ہے۔ راولپنڈی سٹی میں یو سی 87، یو سی 79 اور وارڈ نمبر 4 میں کامیاب انٹرا پارٹی انتخابات منعقد کیے گئے، جن میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ یو سی 79 میں 800 سے زائد ووٹ کاسٹ ہونا عوامی اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جماعت میں روز بروز نئے اور متحرک افراد شامل ہو رہے ہیں۔ گزشتہ ہفتے ڈھوک کھبہ سے تقریباً 200 افراد نے پاکستان مرکزی مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی، جبکہ بنی اور دیگر علاقوں سے بھی کارکنان جماعت کا حصہ بنے رانا عقیل نے کہا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا منشور وہی ہے جس نظریے پر پاکستان حاصل کیا گیا تھا۔ جماعت کا نعرہ ہماری سیاست، خدمتِ انسانیت ہے اور اسی نظریے کے تحت جماعت ملک بھر میں فلاحی خدمات سرانجام دے رہی ہے حالیہ سیلاب میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا ریلیف آپریشن کیا، جس میں 150 سے زائد کشتیاں شامل رہیں اور ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد کو ریسکیو کیا گیا۔ متاثرین کو راشن، پکا ہوا کھانا فراہم کیا گیا اور اب ان کے گھروں کی تعمیر نو کا عمل بھی جاری ہے۔ بنیر میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد راولپنڈی کی جانب سے 58 مکانات تعمیر کیے جا رہے ہیں جنوبی پنجاب میں پانی کی قلت کے پیش نظر سینکڑوں ہینڈ پمپس نصب کیے گئے، جبکہ سردیوں میں متاثرہ خاندانوں کو چارپائیاں، بستر اور دیگر ضروری سامان فراہم کیا گیا رانا عقیل نے کہا کہ راولپنڈی میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے تحت القدس آئی سینٹر فعال ہے، جبکہ آئندہ 20 دن میں جدید ڈائیگناسٹک لیب اور دو ماہ کے اندر ڈائلیسز سینٹر کا افتتاح کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ شہر کے 13 مقامات پر روزانہ دسترخوان جاری ہیں، جن میں بینک روڈ پر ناشتہ اور دوپہر کا کھانا فراہم کیا جاتا ہے، جبکہ رمضان المبارک میں سحری و افطاری کے خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ شفاف سیاست، عوامی خدمت اور نظریاتی قیادت کے مشن پر گامزن ہے اور انشاءاللہ آنے والے دنوں میں عوام کی ایک مضبوط اور موثر آواز بن کر ابھرے گی۔