اسلام آباد پولیس میں 1700 سے زائد آسامیوں پر بھرتیوں کا آغاز، اشتہار جاری

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وفاقی دارالحکومت میں پولیس فورس کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اسلام آباد پولیس میں 1700 سے زائد آسامیوں پر بھرتیوں کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ، وفاقی حکومت کی منظوری اور وزارت داخلہ کی ہدایات کے بعد اسلام آباد پولیس نے مختلف عہدوں پر بھرتیوں کا باقاعدہ اشتہار جاری کر دیا ہے۔

اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری کردہ اشتہار کے مطابق مجموعی طور پر 1712 آسامیوں پر بھرتی کی جائے گی، جن میں 223 اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی)، 1365 کانسٹیبلز اور 124 کلریکل اسٹاف کی آسامیاں شامل ہیں، حکام کے مطابق بھرتیوں کا مقصد اسلام آباد پولیس کی استعداد کار میں اضافہ اور شہریوں کو بہتر سیکیورٹی و پولیسنگ کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

وزارت داخلہ کی منظوری کے بعد بھرتیوں کے تمام مراحل کو شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر مکمل کیا جائے گا، اسلام آباد پولیس نے ملک بھر کے اہل اور قابل امیدواروں کو درخواستیں جمع کرانے کی دعوت دی ہے، امیدوار مقررہ اہلیت اور شرائط کے مطابق درخواستیں جمع کرا سکیں گے، جبکہ بھرتیوں سے متعلق مکمل تفصیلات اور درخواست کا طریقہ کار جاری کردہ اشتہار میں فراہم کیا گیا ہے۔