حکومت اقلیتوں کی بہبود، ترقی اور تحفظ کے لئے تمام ضروری اقدامات کو یقینی بنائے گی . وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اقلیتیں پاکستان کے سماجی و معاشی نظام کا اہم حصہ ہیں، آئین پاکستان میں انہیں مکمل مذہبی آزادی ، مساوی حقوق اور تحفظ حاصل ہے، حکومت اقلیتوں کی بہبود، ترقی اور تحفظ کے لئے تمام ضروری اقدامات کو یقینی بنائے گیان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی اسمبلی کے اقلیتی ارکان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ وفد میں وزیر مملکت برائے مذہبی امور کھیئل داس کوہستانی ، ڈاکٹر درشن، نیلسن عظیم، اسفن بھنڈارا ، نیلم، سنجے پروانی، رمیش کمار، نوید عامر اور رمیش لعل شامل تھے ۔ ملاقات میں ملک میں اقلیتوں کے حقوق، ان کی فلاح و بہبود اور قومی دھارے میں ان کے مؤثر کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اقلیتیں پاکستان کے سماجی اور معاشی نظام کا اہم حصہ ہیں اور آئینِ پاکستان انہیں مکمل مذہبی آزادی، مساوی حقوق اور تحفظ فراہم کرتا ہے، حکومت اقلیتوں کی بہبود، ترقی اور تحفظ کے لئے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے اقلیتی ارکان قومی اسمبلی نے اقلیتوں کی فلاح کے لئے حکومت کی کاوشوں کو سراہا اور وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اقلیتی برادری کو درپیش مسائل اور تجاویز سے بھی آگاہ کیا۔وزیراعظم نے اقلیتی برادری کے مسائل کے حل اور ان کی شمولیت کو مزید مضبوط بنانے کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔