وزیراعظم شہباز شریف نے حافظ فضل الرحیم اشرفی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جامعہ اشرفیہ لاہور کے مہتمم اعلیٰ اور شیخ الحدیث حافظ فضل الرحیم اشرفی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ پیر کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ حافظ فضل الرحیم اشرفی ایک جید عالم دین، ممتاز محدث اور دینی تعلیم کے فروغ میں نمایاں خدمات انجام دینے والی عظیم شخصیت تھے، انہوں نے اپنی پوری زندگی قرآن و سنت کی تعلیم، دینی اقدار کے فروغ اور اخلاقی تربیت کے لیے وقف کر رکھی تھی جس سے بے شمار طلبہ و علما نے استفادہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ مرحوم کی علمی و دینی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلامدتوں پر نہیں ہو سکے گا۔وزیراعظم نے مرحوم کے اہل خانہ، جامعہ اشرفیہ کی انتظامیہ، اساتذہ، طلبہ اور عقیدت مندوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جواررحمت میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا کرے۔