اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کراچی میں گل پلازہ میں پیش آنے والے افسوسناک آتشزدگی کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، ایوان صدر کے پریس ونگ کی جانب سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق صدر نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر تعزیت اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا،صدر مملکت نے سندھ حکومت اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ متاثرہ افراد اور تاجروں کو فوری اور ہر ممکن امداد فراہم کی جائے، انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی تاکید کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ زخمیوں کو جلد صحت کاملہ عطا فرمائے اور متاثرہ خاندانوں کو صبرِ جمیل دے۔
صدر زرداری نے گل پلازہ آتشزدگی کے دوران اپنی جان قربان کرنے والے فائر فائٹر فرقان علی کے انتقال پر گہرا افسوس بھی ظاہر کیا۔ صدر نے کہا کہ فرقان علی کی پیشہ ورانہ جرات اور فرض شناسی عوامی خدمت کی اعلیٰ مثال ہے اور انہوں نے شہید فائر فائٹر کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی،صدر مملکت نے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے ہدایت دی کہ مستقبل میں ایسے سانحات کی روک تھام کے لیے فائر سیفٹی اور ایمرجنسی نظام کو مؤثر بنایا جائے۔ سندھ حکومت کو ہدایت کی گئی کہ کراچی اور صوبے بھر میں کمرشل اور رہائشی عمارتوں کے حفاظتی انتظامات کا جامع جائزہ لیا جائے اور واقعے کے بعد امدادی اقدامات میں فعال کردار ادا کیا جائے، زخمیوں کے علاج معالجے اور متاثرہ خاندانوں کی فوری دیکھ بھال یقینی بنائی جائے۔

