جنگ کی نوعیت بدل چکی ہے، مسلح افواج تیزی سے جدید ٹیکنالوجی اپنا رہی ہیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ جنگ کی نوعیت تبدیل ہو چکی ہے، پاکستان کی مسلح افواج تبدیلی کے عمل سے گزر رہی ہیں، تیزی سے ٹیکنالوجی اپنا رہی ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بہاولپور گیریژن کا دورہ کیا، چیف آف آرمی سٹاف کو بہاولپور گیریژن میں مختلف آپریشنل، تربیتی اور انتظامی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی، جس میں بالخصوص ملٹی ڈومین وارفیئر کی تیاریوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔

اس موقع پر چیف آف ڈیفنس فورس نے خیرپور ٹامیوالی (کے پی ٹی) میں فیلڈ ایکسرسائز اسٹیڈفاسٹ ریزولو کا مشاہدہ کیا، جس میں جدید ٹیکنالوجیز جیسے بغیر پائلٹ فضائی نظام (ڈرونز)، جدید نگرانی کے آلات، الیکٹرانک وارفیئر کے وسائل اور جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام کا باہمی انضمام شامل تھا، یہ مشق مسلح افواج کی ٹیکنالوجی پر مبنی ملٹی ڈومین آپریشنز پر توجہ کی عکاسی کرتی ہے۔