صدرِ مملکت کا قومی ٹیم کی فتح پر اظہارِ مسرت، سکیورٹی فورسز کو دہشت گردی کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر خراجِ تحسین

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں قومی کرکٹ ٹیم کی شاندار کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فتح نے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت اور روشن تشخص اجاگر کیا ہے،جمعہ کو ایوانِ صدر کے میڈیا وِنگ سے جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت نے کہا کہ کھلاڑیوں کی منظم حکمتِ عملی، اعلیٰ نظم و ضبط اور مثالی ٹیم ورک قومی ٹیم کی کامیابی کا باعث بنے۔ انہوں نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے آئندہ میچز میں مزید فتوحات کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ صدرِ مملکت نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور بالخصوص چیئرمین محسن نقوی کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان میں دو مختلف کارروائیوں اور بنّوں میں بیرونی پشت پناہی سے سرگرم دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ ہندوستان جیسے دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں ریاست کے غیر متزلزل عزم کا مظہر ہیں،ایوانِ صدر کے مطابق صدرِ مملکت نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت جاری کارروائیاں ملک میں پائیدار امن و استحکام کے قیام تک جاری رہیں گی۔ انہوں نے پراکسی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مستعدی اور قربانیوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔