اسلام آباد(کرائم رپورٹر )سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا کی زیر صدارت شہر میں رمضان المبارک کے دوران جرائم کے انسداد اور سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سواں زون اور رورل زون کے افسران، زونل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی ، ایس ایس پی آپریشنز نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ سابقہ ریکارڈ یافتہ مجرمان کی نگرانی کو مزید سخت کیا جائے، پٹرولنگ مؤثر اور بامقصد ہو، اور راہزنی، چوری، موٹر سائیکل اور کار چوری کے مقدمات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قبضہ مافیا، منشیات فروشی اور ناجائز اسلحہ رکھنے والے عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔

سنگین مقدمات میں ملوث اور اشتہاری مجرمان کے خلاف کرائم ڈاؤن آپریشنز کرنے، گرفتار ملزمان کو ٹھوس شواہد کی روشنی میں چالان پیش کرنے اور قرار واقعی سزا دلوانے کے احکامات بھی دیے گئے۔ رمضان کے دوران مساجد، امام بارگاہوں اور افطار و سحر کے اوقات میں خصوصی سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا اور افسران فیلڈ میں اپنی موجودگی برقرار رکھیں گے۔
اسی دوران ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا نے اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں کی فوری دادرسی کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ شہریوں نے اپنے مسائل پیش کیے، جس پر متعلقہ افسران کو فوری قانونی کارروائی کے احکامات جاری کیے گئے۔ ایس ایس پی آپریشنز نے کہا کہ اسلام آباد پولیس خواتین اور بچوں پر تشدد کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور شہریوں کی جان، مال اور عزت کا تحفظ اولین ترجیح ہے اس اقدام سے نہ صرف شہر میں جرائم کی روک تھام میں مدد ملے گی بلکہ شہریوں کے مسائل کا فوری اور مؤثر حل بھی یقینی بنایا جائے گا۔

