ایف آئی اے کی کارروائیاں: انسانی اسمگلنگ، جعلی ویزہ فراڈ اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں کرپشن کے نیٹ ورک کا قلع قمع

لاہور(بیورو رپورٹ) ایف آئی اے نے انسانی اسمگلنگ اور جعلی ویزہ فراڈ کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری رکھا ہوا ہے۔ لاہور میں انسانی اسمگلنگ کے کیس میں اہم ملزم سید اشتیاق حسین کو گرفتار کیا گیا، جس نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر شہریوں کو بیرون ملک ورک ویزہ دینے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے ہتھیائے۔ ملزم کے خلاف انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل لاہور میں متعدد انکوائریاں جاری ہیں اور دیگر ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں بھی جاری ہیں۔

ایف آئی اے امیگریشن نے نارتھ سائپرس جانے والے مسافر حسنین رضا کو جعلی تعلیمی اسناد کے ساتھ سفر کرنے کی کوشش ناکام بنا دیا اور مسافر کو مزید تفتیش کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا۔ مسافر نے اعتراف کیا کہ جعلی اسناد 6 لاکھ 70 ہزار روپے کے عوض ایجنٹ شعیب طارق سے تیار کروائی گئی تھیں اسی طرح ایف آئی اے اور ایویکیو ٹرسٹ پراپرٹی بورڈ نے کراچی کے بھیم پورہ لارنس روڈ میں واقع اہم تجارتی پراپرٹی غیر قانونی قبضے سے واگزار کرائی، جس میں 160 دکانیں اور 7 گودام شامل ہیں۔

مزید برآں، ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کراچی نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں مبینہ کرپشن کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اہم ریکارڈ، موبائل فونز، لیپ ٹاپ اور دیگر دستاویزات برآمد کیں۔ ابتدائی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایک منظم گروہ مستحقین کا استحصال کر رہا تھا .

عمان میں بھی ایف آئی اے لنک آفس کی کارروائی کامیاب رہی، جہاں انسانی اسمگلنگ کے شکار ایک کمسن بچی کو بازیاب کر کے محفوظ طور پر پاکستان منتقل کیا گیا۔ ایف آئی اے کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت انسانی اسمگلنگ کے تمام نیٹ ورک کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔