راولپنڈی ٹریفک پولیس نے عید الفطر کے لیے خصوصی پلان جاری، 900 سے زائد افسران اور جوان ڈیوٹی پر تعینات

راولپنڈی (کرائم رپورٹر ) چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی کے احکامات پرٹریفک پولیس کا عید الفطر کے حوالے سے ٹریفک پلان جاری، 900سے افسران وجوان تعینات، مساجد،تفریحی مقامات اورانسداد ون ویلنگ کیلئے بھی خصوصی انتظامات مکمل۔ تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے چیف سکیورٹی آفیسر ٹریفک محمد وسیم نے عیدالفطر کے حوالے سے ٹریفک پلان جاری کر دیا جسکے مطابق عید الفطر پر ٹریفک پولیس کے 900سے زائد افسران و جوان ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے.

مساجد و عبادت گاہوں کے باہر نماز عید کی ادائیگی کے حوالے سے بھی ٹریفک انتظامات مکمل ہیں، چاند رات اور عید کے دنوں میں انسداد ون ویلنگ اور کار سکیٹنگ کی روک تھام کیلئے پکٹس قائم کرنے کیساتھ خصوصی ون ویلنگ سکواڈ بھی بنانئے گئے ہیں جوکہ ون ویلنگ، کار سکٹنگ اور ٹریفک قوانین کیخلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف بھر ایکشن میں نظر آئیں گے۔عید کے دنوں میں پارکوں و تفریحی مقامات پر ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے خصوصی ٹریفک پلان مرتب کیا گیا ہے۔

اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس کے تمام افسران و جوان عید الفطر کی تعطیلات کے دوران بھی شہریوں کی سہولت اور حفاظت کیلئے شاہراہوں پر موجود ہیں تاکہ آپ لوگ اپنی عید کو اپنے پیاروں کیساتھ مناسکیں لہذا میری تمام روڈ یوزرز سے گزارش ہے کہ وہ اپنی عید کو محفوظ اور پر مسرت بنانے کیلئے دوران ڈرائیونگ ٹریفک قوانین پر عمل کریں۔انھوں نے تمام افسران و جوانوں کو بھی ہدایات جاری کیں کہ وہ ان خاص دنوں میں اپنے فرائض محنت اورذمہ داری سے ادا کریں.