راولپنڈی(کرائم رپورٹر) راولپنڈی کے تھانہ مندرہ اور تھانہ دھمیال میں پولیس نے دو الگ الگ سنگین نوعیت کے مقدمات میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر لیا، ایس پی صدر عنعم شیر کا کہنا ہے کہ خواتین، بچوں اور خصوصی افراد کے ساتھ تشدد اور زیادتی ناقابل برداشت ہے، اور ایسے جرائم میں ملوث افراد کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی، تفصیلات کے مطابق، تھانہ مندرہ پولیس نے چند روز قبل غیرت کے نام پر اپنی ہمشیرہ کو قتل کرنے والے شخص کو گرفتار کر لیا۔ ملزم نے فائرنگ کر کے اپنی ہمشیرہ کو قتل کیا تھا اور واردات کے بعد فرار ہو گیا تھا۔ مندرہ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے ٹیکنیکل اور ہیومن انٹیلیجنس کے ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔
دوسری جانب، تھانہ دھمیال پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے قوت سماعت و گویائی سے محروم اٹھارہ سالہ لڑکے سے زیادتی کرنے والے چار افراد کو گرفتار کر لیا۔ متن مقدمہ کے مطابق زیر حراست افراد نے متاثرہ لڑکے سے زیادتی کی اور غیر اخلاقی حرکات کا ارتکاب کیا۔ دھمیال پولیس نے لڑکے کے والد کی درخواست پر فوری مقدمہ درج کر کے ملوث چاروں افراد کو گرفتار کر لیا۔ متاثرہ لڑکے کا میڈیکل عمل بھی کروایا گیا ہے،ایس پی صدر انعم شیر کا کہنا تھا کہ دونوں مقدمات میں زیر حراست ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ خواتین، بچوں سے تشدد، زیادتی یا ہراسمنٹ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

