ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد کی مسیحی کمیونٹی سے ملاقات، ایسٹر پر فول پروف سیکیورٹی کی یقین دہانی، کھلی کچہری کا انعقاد

اسلام آباد (کرائم رپورٹر )ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے ایسٹر کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے مسیحی کمیونٹی کے وفد سے ملاقات کی اور انہیں مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں ایس ایس پی سیکیورٹی/آپریشنز سلیمان ظفر، چرچز کے پادریوں اور مسیحی برادری کے دیگر نمائندوں نے شرکت کی ، ایس ایس پی آپریشنز نے اس موقع پر کہا کہ اسلام آباد پولیس مسیحی کمیونٹی اور ان کی عبادتگاہوں کی حفاظت کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے اور آئندہ بھی مذہبی اجتماعات کے دوران فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس ملاقات کا مقصد مسیحی برادری کو یہ یقین دلانا ہے کہ پولیس ان کے تحفظ کے لیے ہر وقت موجود ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے دارالحکومت میں موجود مسیحی عبادتگاہوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنا رہی ہے، جبکہ کمیونٹی کے تعاون کو بھی سراہا گیا دوسری جانب، ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا نے اوپن ڈور پالیسی کے تحت اپنے دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد بھی کیا، جس میں شہریوں کی شکایات سنی گئیں اور ان کے فوری حل کے لیے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں پر تشدد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے اور شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قانون کی بالادستی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی اور شہریوں کے جان و مال اور عزتِ نفس کا تحفظ پولیس کی ذمہ داری ہے۔