اسلام آباد (کرائم رپورٹر) ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل لاہور نے کارروائی کرتے ہوئے معروف کمپنی کی جعلی مصنوعات تیار کرنے والی فیکٹری پکڑ لی اور ملزم چوہدری محمد یسین ڈوگر کو فتح گڑھ لاہور سے گرفتار کر لیا۔ تحقیقات کے دوران ملزم کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی میں ملوث پایا گیا اور اس کے قبضے سے بھاری تعداد میں جعلی پروڈکٹس برآمد ہوئیں۔ ملزم نے رجسٹرڈ کمپنی کی جعلی مصنوعات تیار کرنے، اسٹاک رکھنے اور فروخت کرنے کا اعتراف کیا، جبکہ تفتیش جاری ہے۔
دوسری جانب ایف آئی اے امیگریشن نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے پاکستان کو ٹرانزٹ پوائنٹ بنا کر آذربائیجان کے راستے یورپ جانے کی کوشش ناکام بنا دی۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق دو بنگلہ دیشی شہری محمد راجو اور شاہد کو کراچی میں روکا گیا۔ دونوں مسافر ٹورسٹ ویزا پر پاکستان آئے تھے، اور امیگریشن کلیئرنس کے دوران ان کے بیانات میں تضاد پایا گیا۔ مسافروں نے دورے کا مقصد شادی کی تقریب میں شرکت بتایا، تاہم تحقیق کے دوران یہ شادی جعلی ثابت ہوئی۔
جانچ کے دوران موبائل فون سے واٹس ایپ چیٹ اور دیگر شواہد برآمد ہوئے جن میں آذربائیجان کے ذریعے یورپ جانے کی منصوبہ بندی سامنے آئی۔ مزید تحقیقات سے یہ بھی ثابت ہوا کہ میزبان پاکستان میں موجود نہیں تھا اور مسافروں کا مقصد ڈنکی روٹ کے ذریعے یورپ پہنچنا تھا۔ دونوں شہریوں کو فوری طور پر آف لوڈ کر دیا گیا اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے یہ کارروائیاں ایف آئی اے کی قانون نافذ کرنے میں بروقت اقدامات اور قومی تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہیں۔

