اسلام آباد (کرائم رپورٹر )انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی اور چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے وفاقی دارالحکومت میں غیر ملکی مہمانوں کی آمد و رفت کے پیش نظر ریڈ زون کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ترجمان نے کیپیٹل نیوز پوائنٹ کو بتایا کہ آئی جی پی نے ڈیوٹی پر تعینات افسران کو ان کی ذمہ داریوں کی نوعیت اور حساسیت کے بارے میں بریف کیا۔
انہوں نے کہا کہ ریڈ زون میں غیر ملکی وفود کی محفوظ آمد و رفت کو یقینی بنانے کے لیے جامع اور فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ انتہائی چوکنا رہیں اور اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ انجام دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ دارالحکومت میں محفوظ ماحول برقرار رکھنے کے لیے سکیورٹی اہلکاروں کے درمیان سخت نگرانی اور مؤثر رابطہ کاری کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

