گوجرخان اور پیرودھائی میں پولیس کی دوہری کامیابی، ڈکیتی کے سرغنہ سے اسلحہ و نقدی برآمد، 14 سالہ بچے سے زیادتی کے 3 ملزمان گرفتار

راولپنڈی (کرائم رپورٹر) مختلف علاقوں میں پولیس نے دو الگ الگ کارروائیوں میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ایک طرف تھانہ گوجرخان پولیس نے ڈکیتی کے گینگ کے سرغنہ کو گرفتار کیا تو دوسری طرف پیرودھائی پولیس نے 14 سالہ لڑکے سے زیادتی کرنے والے 3 ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لا کھڑا کیا، تھانہ گوجرخان پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ماہ قبل شہریوں سے ڈکیتی کی واردات کرنے والے گینگ کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق، زیر حراست شخص سے چھینا گیا موٹر سائیکل، 9 ہزار روپے نقدی اور واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد ہوا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے دوسرے ساتھی کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب، پیرودھائی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو روز قبل 14 سالہ لڑکے سے زیادتی کرنے والے 3 افراد کو گرفتار کر لیا، مقدمے کے متن کے مطابق، متاثرہ لڑکا کھیل کر واپس آ رہا تھا تو زیر حراست افراد نے زبردستی اسے ویران جگہ لے جا کر زیادتی کی، پیرودھائی پولیس نے ٹیکنیکل و ہیومن انٹیلی جنس ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا.

ایس پی صدر انعام شیر کا کہنا تھا کہ شہریوں کو قیمتی اثاثے سے محروم کرنے والے قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتے۔ زیر حراست شخص کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا، جبکہ دوسری جانب ایس پی راول سعد ارشد نے کہا کہ زیر حراست افراد کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔