پاکستان اور اٹلی کا ثقافتی ورثے کے تحفظ کیلئے تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق

اسلام آباد(کرائم رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) ڈاکٹر عثمان انور نے ثقافتی ورثے کے تحفظ سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی زوم بریفنگ میں شرکت کی، جو اٹلی کے بریگیڈیئر جنرل انتونیو پیٹی، کمانڈر آف دی کارابینیری فار دی پروٹیکشن آف کلچرل ہیریٹیج، کی جانب سے دی گئی۔

یہ ورچوئل سیشن پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی اور ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور کے فروری 2026 میں اٹلی کے دورے کے دوران طے پانے والے دوطرفہ مفاہمت کے تسلسل میں منعقد کیا گیا۔ اس دورے میں اس بات پر اتفاق ہوا تھا کہ پاکستان اور اٹلی، پاکستان سفارتخانہ روم کے فعال تعاون سے، ثقافتی ورثے کی اسمگلنگ اور چوری کے مؤثر تدارک کے لیے ایک منظم تعاون کا طریقہ کار قائم کریں گے۔

مجوزہ تعاون کے فریم ورک میں انٹیلی جنس شیئرنگ، خصوصی تربیت، استعداد کار میں اضافہ اور جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی شامل ہے تاکہ ثقافتی املاک کو نشانہ بنانے والے بین الاقوامی جرائم کے خلاف ادارہ جاتی ردعمل کو مضبوط بنایا جا سکے بریفنگ کے دوران بریگیڈیئر جنرل انتونیو پیٹی نے ثقافتی اثاثوں کے تحفظ کے لیے اطالوی کارابینیری کی جانب سے اپنائی گئی بین الاقوامی بہترین عملی حکمت عملیوں اور آپریشنل طریقہ کار پر روشنی ڈالی۔

یہ زوم ملاقات پاکستان اور اٹلی کے درمیان تعاون کے فریم ورک کو عملی شکل دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو مستقبل میں مسلسل رابطہ کاری، مشترکہ اقدامات اور ایف آئی اے اور اطالوی کارابینیری کے درمیان علم کے تبادلے کی راہ ہموار کرے گی۔