کراچی(بیورو رپورٹ) ایف آئی اے کے کارپوریٹ کرائم سرکل نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی ادویات بنانے والی فیکٹری کو بے نقاب کر دیا اور مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون کی ہدایت پر ملیر کے علاقے میں خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا گیا، جہاں بغیر لائسنس ادویات تیار کی جا رہی تھیں۔ کارروائی کے دوران ملزم فیصل شاہد کو موقع پر گرفتار کیا گیا جو فیکٹری کا مالک اور آپریٹر نکلا۔
چھاپے کے دوران بڑی مقدار میں خام مال، تیار شدہ جعلی ادویات اور مشینری برآمد کر لی گئی، جس سے ایک بڑے غیر قانونی فارما نیٹ ورک کا انکشاف ہوا ہے۔ برآمد شدہ سامان کو ڈریپ (DRAP) حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ قانونی تقاضے پورے کیے جا سکیں۔

ایف آئی اے کے مطابق مزید ملوث افراد کی تلاش جاری ہے اور نیٹ ورک کے مکمل خاتمے کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف کارروائی میں کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، جبکہ آئندہ دنوں میں مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔

