اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور خلیجی ممالک کی حمایت سے ایران-امریکہ معاہدہ ممکن ہوا، وزیراعظم اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، شہباز شریف نے ولی عہد محمد بن سلمان کو تاریخی اسلام آباد امن معاہدے پر مبارکباد دی اور پاکستان کی امن کوششوں میں سعودی عرب کی مستقل حمایت پر اظہار تشکر کیا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور خلیجی ممالک کی بھرپور حمایت سے ایران اور امریکہ کے درمیان امن معاہدہ ممکن ہوا، دوسری جانب ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیراعظم شہباز شریف کو تاریخی امن معاہدے کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد دی جب کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک کوششوں کو امن معاہدے کی کامیابی کا اہم سبب قرار دیا۔
دونوں رہنماؤں نے ایران اور امریکہ کے درمیان آئندہ مذاکرات کو کامیاب بنانے کے عزم کا اظہار کیا اور مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش کے خلاف چوکس رہنے پر زور دیا، وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بہترین دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ دونوں ممالک جلد جامع اقتصادی پیکیج کو حتمی شکل دے کر دستخط کریں گے،اقتصادی پیکیج سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سرپرستی میں مکمل کیا جائے گا۔
اُنہوں نے ولی عہد محمد بن سلمان کو سرکاری دورہ پاکستان کی دعوت کا اعادہ کیا اور خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام بھی پہنچایا، مزید برآں شہباز شریف نے ولی عہد محمد بن سلمان نے آئندہ دنوں میں قریبی رابطہ اور تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

