پاور سیکٹر میں اصلاحات تیز کرنے کی ہدایت، ملک بھر میں سمارٹ میٹرز کی تنصیب ناگزیر قرار

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاور سیکٹر میں اصلاحات ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں، پاور سیکٹر کی بہتری کے لیے ابھی مزید محنت کی ضرورت ہے، ملک بھر میں سمارٹ میٹرز کی تنصیب ناگزیر ہے ، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پاور ڈویژن کے امور پر جائزہ اجلاس ہوا، شہباز شریف نے بجلی چوری کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے پاور سیکٹر میں ہر سطح پر سخت اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے بلنگ سسٹم کا ٹیکنیکل آڈٹ کروانے اور کمپنیوں کی کارکردگی جانچنے کے لیے کی پرفارمنس انڈیکیٹرز ترتیب دینے کی ہدایت کی ، وزیراعظم نے ٹائم لائن کے ساتھ مربوط اہداف متعین کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بہترین کارکردگی والی ڈسکو کو اعزاز سے نوازا جائے گا۔

وزیراعظم نے دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کے مسئلے سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے گاؤں کی سطح پر شمسی توانائی کے منصوبے تیار کرنے کی ہدایت کی ، اجلاس میں بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ بجلی تقسیم کار کمپنیوں کا تکنیکی اور کمرشل نقصان بتدریج کم ہو رہا ہے۔

بریفنگ میں بتا گیا کہ گزشتہ مالی سال میں ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن لاسز کی مد میں سب سے کم نقصان اسلام آباد، لاہور اور گوجرانوالا کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو ہوا ، اجلاس کو بتایا گیا کہ مالی سال 2025-2026 میں اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی، لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی، گوجرانوالا الیکٹرک پاور کمپنی، فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی اور ملتان الیکٹرک پاور کمپنی نے 100 فیصد ریکوریاں کیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ بجلی چوری روکنے، ریکوری بہتر بنانے اور تکنیکی مسائل کے حل کے لیے حیدرآباد، سکھر، لاہور، ملتان اور ہزارہ کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں ڈسکو سپورٹ یونٹس قائم کیے جا چکے ہیں ، اجلاس کو بتایا گیا کہ ٹرانسفارمر کی سطح پر ایسیٹ پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم کی تنصیب کا پہلا مرحلہ 30 ستمبر 2026 تک مکمل ہو گا، اے پی ایم ایس سے مربوط ٹرانسفارمرز کی تنصیب سے بجلی چوری اور لوڈشیڈنگ کم کرنے میں مدد ملے گی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملتان، لاہور، پشاور، ہزارہ اور کوئٹہ ریجنز میں 16.2 ملین سنگل فیز اے ایم آئی میٹرز کی تنصیب کا منصوبہ زیر غور ہے ، اجلاس میں وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس لغاری، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز، آئی جیز پولیس اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔