مظفرآباد (بیورو رپورٹ) آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے مرحلے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے اندر پارلیمانی اور سیاسی رابطے تیز ہوگئے ہیں ، مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں محمد نواز شریف اور وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی کے درمیان ٹیلی فونک رابطے کے بعد اہم سیاسی پیش رفت سامنے آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر کی رہائش گاہ پہنچ گئے ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ بیرسٹر افتخار گیلانی میاں محمد نواز شریف کی ہدایت پر شاہ غلام قادر سے ملاقات اور انہیں منانے کے لیے ان کی رہائش گاہ پہنچے ہیں ، اس اہم ملاقات میں اسپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی طارق فاروق چوہدری اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر بھی بیرسٹر افتخار گیلانی کے ہمراہ موجود ہیں۔
یاد رہے کہ شاہ غلام قادر نے آزاد کشمیر کے وزیراعظم کے انتخاب کے موقع پر مظفرآباد میں اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کیا تھا۔ ان کے ووٹ نہ دینے کے فیصلے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے اندرونی معاملات سیاسی حلقوں کی توجہ کا مرکز بن گئے تھے، ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال، حکومتی امور اور مسلم لیگ (ن) کے پارٹی معاملات پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔ قیادت کی جانب سے پارٹی کے اندر پیدا ہونے والی صورتحال کو باہمی مشاورت سے حل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ غلام قادر سے ملاقات کے بعد وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر افتخار گیلانی مزید رہنمائی اور حکومتی معاملات میں پارٹی قیادت کی حمایت حاصل کرنے کے لیے بنی گالہ بھی پہنچے ہیں ، مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی جانب سے حالیہ سیاسی رابطوں کو آزاد کشمیر میں نئی حکومت کو مستحکم کرنے اور پارٹی کے اندر اختلافات ختم کرنے کی کوششوں کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔

