تھانہ کراچی کمپنی پولیس کی کارروائی، 2022 اور 2024 سے مفرور دو اشتہاری ملزمان گرفتار

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ کراچی کمپنی پولیس نے اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کے لیے جاری مہم کے دوران کارروائی کرتے ہوئے دو مفرور اشتہاری ملزمان کو گرفتار کرلیا ، پولیس کے مطابق ایس آئی ریاض حسین طاہر، اے ایس آئی عارف حسین اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل ٹیم نے اشتہاری ملزمان کے خلاف کارروائی کی ، کارروائی کے دوران 2024 سے مفرور ملزم فیضان عباسی ولد محمد امجد، سکنہ مری کو گرفتار کیا گیا۔

پولیس کے مطابق فیضان عباسی تھانہ کراچی کمپنی اسلام آباد میں درج مقدمہ نمبر 130، مورخہ 13 فروری 2024، بجرم 489-F تعزیراتِ پاکستان میں اشتہاری قرار دیا گیا تھا ، اسی کارروائی کے دوران پولیس نے 2022 سے مفرور ملزم ذوالقرنین سعید ولد محمد سعید، سکنہ مانسہرہ کو بھی گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ذوالقرنین سعید تھانہ کراچی کمپنی اسلام آباد میں درج مقدمہ نمبر 1143، مورخہ 22 دسمبر 2022، بجرم 489-F تعزیراتِ پاکستان میں مطلوب تھا۔

پولیس نے دونوں ملزمان کو حسبِ ضابطہ گرفتار کرکے پابندِ سلاسل کردیا ہے جبکہ ان کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے ، تھانہ کراچی کمپنی پولیس کے مطابق اشتہاری مجرمان کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور قانون سے مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔