اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے سرگودھا اور اورماڑہ کے قریب پیش آنے والے المناک ٹریفک حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق وزیرِ اعظم نے جاں بحق افراد کی مغفرت اور ان کے لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔
وزیرِ اعظم نے حادثات میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے حکام کو قومی شاہراہوں پر ٹریفک قوانین اور حفاظتی اقدامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا۔ انہوں نے دھند کے باعث عوام کی حفاظت کے پیش نظر احتیاطی تدابیر کی کڑی نگرانی پر بھی زور دیا۔

دریں اثنا صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی سرگودھا اور اورماڑہ میں پیش آنے والے افسوسناک ٹریفک حادثات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ ایوانِ صدر کے میڈیا ونگ کے مطابق صدر مملکت نے سرگودھا میں شدید دھند کے باعث پیش آنے والے حادثے اور اورماڑہ کے قریب حادثے پر رنج کا اظہار کیا۔
صدرِ مملکت نے جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ بدلتے موسمی حالات ایک حقیقت ہیں اور سفر کے دوران احتیاط نہایت ضروری ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے محفوظ ڈرائیونگ کے حوالے سے عوامی آگاہی بڑھانے کے لیے صوبائی حکومتوں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ انسانی جانوں کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیح ہے

