وزیراعظم شہباز شریف کا گل پلازہ آتشزدگی پر افسوس، شہید فائر فائٹر فرقان علی کی قربانی کو خراج تحسین

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کراچی میں گل پلازہ میں پیش آنے والے افسوسناک آتشزدگی کے واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے اور جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ اتوار کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، وزیراعظم نے ہدایت دی کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں اور متاثرہ تاجروں اور دیگر افراد کو ہر ممکن امداد فراہم کی جائے۔

وزیراعظم نے ریسکیو آپریشن کے دوران تمام متعلقہ اداروں کو مل کر کام کرنے کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے زخمیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے اور جلد صحتیابی کے لیے دعا کی,وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امدادی کارروائیوں کے دوران شہید ہونے والے فائر فائٹر فرقان علی کی قربانی پر بھی گہرے افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ فرقان علی نے عوام کی جانیں بچاتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا, انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ فرقان علی کے درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبر عطا فرمائے۔

وزیراعظم نے حادثے میں جاں بحق ہونے والے دیگر افراد کے اہل خانہ سے بھی دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں, وزیراعظم نے کہا کہ واقعے میں معصوم افراد کی شہادت پر دل افسردہ ہے اور اس المناک سانحے کی ہر ممکن امداد کو یقینی بنایا جائے۔