اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ڈیووس میں منعقدہ 56 ویں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر فن لینڈ کی وزیر خارجہ ایلینا والٹونن سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دفتر خارجہ کی طرف سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق دونوں رہنمائوں نے تجارت اور سرمایہ کاری سمیت اہم شعبوں میں پاکستان اور فن لینڈ کے مابین تعاون کو مضبوط بنانے اور اس کے دائرہ کار کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر اہم علاقائی اور عالمی امور پر بھی گفتگو ہوئی اور مستقبل پر مبنی، باہمی مفید شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
اسی دن نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم 2026 کے موقع پر کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند سے بھی ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنمائوں کے درمیان خوشگوار اور مفید بات چیت ہوئی اور پاکستان-کینیڈا تعلقات کو مزید فروغ دینے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ ملاقات میں دو طرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو وسعت دینے اور مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا

