پشاور (بیورو رپورٹ) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے قیوم خان کنڈی کی قیادت میں سرکل کنڈیان کے نمائندہ وفد نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی، وفد میں سلیم خان (پرنسپل)، رحمت اللہ کنڈی، شاہ نواز خان صدر امن جرگہ، ملک عظیم خان اور دیگر علاقائی رہنما شامل تھے،ملاقات کے دوران وفد نے گورنر کو سرکل کنڈیان کو درپیش اہم مسائل سے آگاہ کیا، وفد نے مطالبہ کیا کہ ٹانک تا پیزو روڈ کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے، سی پیک یارک سے درکئی تک شارٹ کٹ روڈ تعمیر کی جائے، گیس رائلٹی کے فنڈز کا شفاف استعمال کیا جائے اور علاقے کے عوام کو ترجیحی بنیادوں پر گیس فراہم کی جائے، بجلی کے مسائل، پرانے تاروں کی تبدیلی اور بجلی کی فراہمی میں بہتری کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پورے خیبر پختونخوا، بشمول ڈیرہ اسماعیل خان، کی ترقی ہمیشہ ان کی ترجیحات میں شامل رہی ہے اور سڑکوں کی تعمیر سے علاقائی ترقی میں نمایاں بہتری آئے گی،اسی دن گورنر سے کرم چیمبر آف کامرس کے صدر سید جواد کاظمی کی قیادت میں تاجر وفد نے بھی ملاقات کی ، وفد نے صوبے میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، افغان سرحدی تجارت کی بندش سے پیدا ہونے والے نقصانات اور بارڈر پر سلاٹر ہاؤس کے قیام سمیت دیگر مسائل پر تفصیلی گفتگو کی۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ حکومت پاکستان سرحدی صورتحال سے بخوبی آگاہ ہے اور تاجروں کے جائز مطالبات حل کیے جائیں گے ، انہوں نے یارک سے درکئی تک شارٹ کٹ روڈ کی تعمیر کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرنے کا بھی اعلان کیا،مزید برآں، گورنر نے کہا کہ ٹانک میں NADRA اور بی آئی ایس پی کے سہولت مراکز قائم کیے جائیں گے تاکہ عوام کو دور دراز علاقوں تک جانے کی مشکل سے نجات مل سکے۔ بجلی کے نظام کی بہتری اور پرانے تاروں کی تبدیلی بھی یقینی بنائی جائے گی۔
وفد نے گورنر کے اقدامات کو سراہا اور علاقائی مسائل کے حل میں ان کے کردار کی تعریف کی،اس کے علاوہ گورنر خیبر پختونخوا نے سینئر پارلیمنٹیرین اور پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی رہنما نگہت اورکزئی کے شوہر سجاد خان کی وفات پر گہرے افسوس کا اظہار کیا اور مرحوم کے لیے دعا کی۔

