ایف آئی اے لاہور کی بڑی کارروائیاں، انسانی اسمگلنگ، جعلی کرنسی اور کاپی رائٹ خلاف ورزی میں ملوث 5 ملزمان گرفتار

اسلام آباد (کرائم رپورٹر )ایف آئی اے لاہور زون نے مختلف کارروائیوں کے دوران انسانی اسمگلنگ، ویزا فراڈ، جعلی کرنسی کی فروخت اور کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی میں ملوث پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا ایف آئی اے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل لاہور نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے مائیگرنٹ اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث تین ملزمان محمد رحمان اشفاق، علی رضا اور محمد عباس بٹ کو لاہور اور شیخوپورہ کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا۔ ملزمان شہریوں کو بیرون ملک ورک ویزہ دلوانے کا جھانسہ دے کر مجموعی طور پر 30 لاکھ روپے سے زائد رقم ہتھیا چکے تھے۔ ملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور روپوش ہو گئے تھے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ایک اور کارروائی میں ایف آئی اے لاہور نے جعلی پاکستانی کرنسی فروخت کرنے میں ملوث ملزم محمد سرور کو شیخوپورہ سے گرفتار کر لیا۔ ملزم کے قبضے سے ایک ہزار روپے مالیت کے 200 جعلی نوٹ برآمد ہوئے۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزم کے خلاف مزید تحقیقات جاری ہیں دوسری جانب ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل لاہور نے کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی میں ملوث ملزم شعیب رفیق کو مغل پورہ لاہور سے گرفتار کیا۔ ملزم معروف رجسٹرڈ کمپنی کی جعلی مصنوعات تیار کرنے، ذخیرہ کرنے اور فروخت کرنے میں ملوث پایا گیا۔ ملزم کے قبضے سے بھاری مقدار میں جعلی مصنوعات بھی برآمد کی گئی ہیں۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔