پاکستان اور ترکی کے درمیان توانائی شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق، ڈسکوز نجکاری میں ترک سرمایہ کاروں کی دلچسپی

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کی ترکی کے وزیر توانائی و قدرتی وسائل الپرسلان بیرکتار سے آن لائن ملاقات ہوئی، جس میں توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کے فروغ، بالخصوص بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا ملاقات کے دوران وفاقی وزیر اویس لغاری نے ترک ہم منصب کو پاکستان کے پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات اور ادارہ جاتی بہتری کے اقدامات سے آگاہ کیا علاؤہ ازیں بتایا کہ پاکستان ڈسکوز کی نجکاری میں تجربہ کار عالمی سرمایہ کاروں کی شمولیت کا خواہشمند ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پاکستان بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے عمل کو شفاف، مسابقتی اور مؤثر انداز میں آگے بڑھا رہی ہے اور اس سلسلے میں تجربہ کار عالمی سرمایہ کاروں کی شرکت کو انتہائی اہمیت حاصل ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ڈسکوز کی نجکاری کے عمل میں تجربہ کار عالمی سرمایہ کاروں کی شمولیت کا خواہاں ہے اور اس ضمن میں توانائی کے شعبے میں وسیع تجربہ رکھنے والی ترک کمپنیوں کی شرکت نہایت اہم ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے نجکاری کے عمل میں دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں اور ماہرین کے درمیان قریبی تعاون کو سراہتے ہوئے اس سلسلے میں ترک حکومت کے تعاون پر شکریہ ادا کیا اس موقع پر ترک وزیر توانائی الپرسلان بیرکتار نے کہا کہ ترک سرمایہ کار پاکستان کے پاور سیکٹر کی نجکاری کے عمل کو گہری دلچسپی سے دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ترک سرمایہ کار پاکستان کے پاور سیکٹر کی نجکاری میں مناسب سطح پر شرکت کریں گے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ ترکی پاکستان کے پاور سیکٹر کی نجکاری کے عمل میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ ملاقات کے دوران اس امر پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا کہ پاکستان کے متعلقہ نمائندوں اور ترک سرمایہ کاروں کو ایک مشترکہ فورم پر اکٹھا کیا جائے تاکہ سرمایہ کاری کے مواقع اور ممکنہ شراکت داری کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے.