لاہور(بیورو رپورٹ )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ پیٹرول پمپس پر عوام کو لائنیں میں نہ لگنا پڑیں، پنجاب بھر میں کہیں بھی مقررہ نرخ سے زائد پٹرولیم مصنوعات بیچنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ،انھوں نے کہا کہ چیلنج سے نمٹنے کےلئے پوری قوم کو ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنا ہوگا ، معاشی تحفظ کے لئے فوری فیصلے ناگزیر ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ان خیالات کا اظہار ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے دوران کیا، اس موقع پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے پنجاب میں پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی، ڈیمانڈ اور ذخائر کاجائزہ لیا.
جبکہ مشرق وسطیٰ میں جنگی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اجلاس میں جنگ کی وجہ سے پٹرولیم مصنوعات کی طلب و رسد میں توازن کے لئے بچت پالیسی پر اتفاق کیا گیا ، پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر کی مانیٹرنگ پر اتفاق کیا گیا، وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے زرعی استعمال کے لئے ڈیز ل کی فراہمی یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کرنے پر سخت کریک ڈاؤن کی ہدایت کی گئی، تمام اضلاع میں انتظامیہ کو پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی کی مسلسل مانیٹرنگ کا حکم دیا گیا،پیرا اور ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کو صورتحال کی نگرانی اور کارروائی کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں پٹرول ، ڈیزل ، ایل این جی اور دیگر ذخائر کے بارے میں بریفنگ دی گئی، عالمی بحران کے پیش نظر ایندھن کی بچت اور کفایت کے لئے فوری اقدامات ناگزیر ہیں ۔

