راولپنڈی( کرائم رپورٹر )ڈی آئی جی ٹریفک کے احکامات اور سی ٹی او راولپنڈی کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کا عید ا الفطرسے قبل زائد کرایہ وصولی اور مسافروں کی اوور لوڈنگ کی روک تھام کے حوالے سے آگاہی مہمات کا آغاز ، ٹرانسپورٹرز، اڈہ مالکان و ڈرائیورز سے ملاقات۔شکایت کیصورت میں سخت قانونی کاروائی کے حوالے سے پیشگی وارننگ جاری۔ تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر کے احکامات اور چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے عید الفطر پر اپنے آبائی علاقوں میں جانیوالے مسافروں سے زائد کرایہ کی وصولی، مسافروں کی اوور لوڈنگ اور تیز رفتاری کی روک تھام کے حوالے آگاہی مہمات کا سلسلہ شروع کر دیا۔

انچارج ٹریفک ایجوکیشن ونگ نے اپنی ٹیم اور سیکٹر انچارجز سمیت مختلف اڈہ جات کا معائنہ کیا، ٹرانسپورٹرز، اڈہ جات مالکان سمیت ڈرائیورز سے ملاقات کی،پبلک سروس گاڑیوں کو چیک کیا،کرایہ نامہ کو واضح جگہ پر آویزاں کرنے اور سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بھی آگاہی فراہم کی،انچارج ایجوکیشن ونگ کیجانب سے اڈہ منیجر کو مسافروں سے زائد کرایہ کی وصولی اوراوور لوڈنگ کی شکایت پر سخت قانونی کاروائی کے حوالے سے پیشگی وارننگ بھی فراہم کی گئی۔ اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم کا کہنا تھا کہ عید الفطر پر پردیسیوں کی بڑی تعدادعید منانے کیلئے اپنے آبائی علاقوں کا رخ کرتے ہیں جسکا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹرانسپورٹر حضرات کرایوں میں خود ساختہ اضافہ کرنے کیساتھ مسافروں کی اوور لوڈنگ بھی کرتے ہیں جسکی روک تھام کیلئے سپیشل سکواڈ تشکیل دینے کیساتھ خصوصی ہیلپ لائن بھی قائم کی .
جبکہ پردیسیوں کی باآسانی واپسی کیلئے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ انکا مزید کہنا تھا کہ ہم پردیسیوں کی محنت کی کمائی پر کسی صورت شب خون مارنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ٹرانسپورٹرز اور خصوصاً ڈرائیور حضرات کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ پبلک سروس میں سفر کرنیوالا ہر مسافر اللہ کی طرف سے بھیجا ہوا ایک مہمان ہے جو انکے رزق کا وسیلہ ہے لہذا دوران ڈرائیونگ ان سے عزت اور اخلاق سے پیش آئیں۔

